’ تجارتی اور صنعتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع‘
کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں گاڑیوں کے پرزے اسمبل اور تیار کیے جائیں گے( فوٹو الاقتصادیہ)
سعودی وزیرسرمایہ کاری انجینیئرخالد الفالح نے کہا ہے کہ ’سعودی عرب میں تجارتی اورصنعتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں، مسابقت کا پرکشش ماحول ہے‘۔ ’سیاحتی، صنعتی، صحت اور توانائی کے شعبوں میں کئی منصوبے شروع کیے جاسکتے ہیں جو منافع بخش ثابت ہوں گے‘۔
الاقتصادیہ کے مطابق خالد الفالح ریاض میں وزارت سرمایہ کاری کے زیر اہتمام تھائی سعودی سرمایہ کاری فورم میں اظہارخیال کررہے تھے۔
خالد الفالح نے کہا کہ ’سعودی عرب 2025 کے دوران الیکٹرانک گاڑیاں سمبل کرکے برآمد کرنے کا عزم کیے ہوئے ہے۔ اس ہفتے پہلا پروجیکٹ شروع کیا جارہا ہے جو کنگ عبداللہ اکنامک سٹی میں گاڑیوں کے پرزے اسمبل اور تیار کرے گا‘۔
سعودی وزیر سرمایہ کاری نے کہا کہ’ تھائی لینڈ اس شعبے میں ترقی کررہا ہے۔ وہاں 8 لاکھ افراد کار بنانے والی فیکٹریوں میں ملازم ہیں۔ یہ سیکٹر تھائی لینڈ کی قومی آمدنی میں دس فیصد کا حصہ دار بن چکا ہے‘۔
انہوں نے کہا کہ ’سیاحت کا شعبہ اہم ہے۔ کورونا وبا کے بعد سیاحت کے شعبے میں بہت سارے منافع بخش منصوبے ریکارڈ پر آئے ہیں۔ 2030 تک مملکت سالانہ سو ملین سیاح لانے کا ٹارگٹ مقرر کیے ہوئے ہے‘۔