پاکستانی قوم رفاہی اور فلاحی کاموں میں بے مثال ہے، محمد عبد الشکور
الخبر میں پاکستان الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر کے اعزاز میں منعقد ہونے والے پروگرام میں پاکبان کی بڑی تعداد نے شرکت کی
الخبر(بشیر احمد بھٹی ) پاکستانی قوم رفاہی اورفلاحی کاموں میں اپنی مثال نہیں رکھتی۔ پاکستان میں جہاں ان گنت رفاہی تنظیمیں فلاح و بہبود کے منصوبوں پر عمل پیرا ہیں وہاں الخدمت فاؤنڈیشن بھی اپنے ہم وطنوں کی خدمت میں پیش پیش رہتی ہے۔ یہ بات الخدمت فاؤنڈیشن کے صدر محمد عبد الشکور نے الخبر میں اپنے اعزاز میں منعقد ہونے والی تقریب کے شرکائ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات، زلزلے ہوں یا سیلاب میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کی خدمت یا اپنے ہی وطن میں بے گھر ہونے والے ہم وطنوں کی آ باد کاری، بھوک اور قحط سالی سے متاثرین کی امداد یا پھریتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور ان کی کفالت، خوراک اور صحت کے مسائل ، ہر طرح سے الخدمت فاؤنڈیشن قوم کی خدمت کرتی ہے۔ محمد عبد الشکور نے بتایا کہ الخدمت کی طرف سے جاری کردہ یتامی کیلئے آرفن کئیر پروگرام کو قومی اور حکومتی سطح پر سراہا گیا ہے۔ چارسدہ میں ترکی کے تعاون سے حضرت ابو ایوب انصاری بستی بسائی جارہی ہے۔الخدمت فاؤنڈیشن منطقہ شرقیہ کی دعوت پر پاکبانوں کے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے دردمند اور مخیر حضرات کی شرکت سے مقامی کمپاؤنڈ میں منعقد ہونے والے پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کی سعادت نوجوان سید اسد ترمذی نے حاصل کی۔ نظامت کے فرائض انجام دیتے ہوئے معروف الغنی صدیقی نے الخدمت کے مقامی کوآرڈینیر نعمان علی کو دعوت دی جنہوں نےگزشتہ سالوں کے دوران پایہ تکمیل تک پہنچنے والے مختلف منصوبوں سے پریزینٹیشن کے ذریعے حاضرین کو آگاہ کیا۔ حاضر ین کے لیے ظہرانے کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔بعد ازاں پاکستان فورم الخبر منطقہ شرقیہ کی جانب سے محمد عبدالشکور کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا جس میں پی ڈبلیو سی کے چیف کوآرڈینیٹر ملک کاظم ، مقصود احمد اعوان، چوہدری محمد صدیق، رفعت رشید عباسی اورپروفیسر محمد وحید اسلم شامل تھے۔