پاسداران انقلاب کے کرنل کا تہران میں قتل، ’ایران انتقام لے گا‘
حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔ ( فوٹو: اے پی)
صدر ابراہیم رئیسی نے خبردار کیا ہے کہ ایران پاسداران انقلاب کے کرنل سید خدائی کے قتل کا انتقام لے گا۔
عرب نیوز کے مطابق پیر کو عمان جانے سے قبل صدر ابراہیم رئیسی نے کہا کہ انہوں نے سکیورٹی اہلکاروں سے کہا ہے کہ وہ کرنل سید خدائی کے قاتلوں کا تعاقب کریں اور ان کے خون کا بدلہ لیا جائے۔
نومبر 2020 میں جوہری سائنسدان محسن فخرے زادہ کے قتل کے بعد یہ ایران کے اندر ایک اعلٰی عہدیدار کا قتل ہے۔
ایران کے طاقتور پاسداران انقلاب کے ایک سینیئر رکن کو اتوار کے روز دارالحکومت تہران میں ان کی رہائش کے باہرموٹرسائیکل سوار نامعلوم افراد نے ہلاک کر دیا۔
اے پی کے مطابق ایران کے سرکاری ٹی وی نے اس خبر کی اطلاع دی تھی۔ اگرچہ پاسداران انقلاب نے تہران کے مرکز میں ہونے والے اس حملے کی بہت کم تفصیل دی ہے لیکن گروپ نے اس کا الزام ’عالمی تکبر‘ پر لگایا جو عام طور پر امریکہ اور اسرائیل کے لیے مخصوص کوڈ ہے۔
حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی گروپ نے قبول نہیں کی ہے۔
سرکاری میڈیا کے مطابق اتوار کو شام چاربجے کے قریب دو موٹر سائیکل سواروں نے کرنل سید خدائی پر ان کے گھر کے قریب پانچ گولیاں چلائی تھیں۔