بلاول بھٹو کی سعودی وزیرخارجہ سے ملاقات
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی سعودی عرب کے وزیرخارجہ فیصل بن فرحان سے ملاقات کی ہے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بدھ کو سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں منعقد ہونے والے ورلڈ اکنامک فورم کے سائیڈ لائن پر ہونے والی ملاقات میں وزیرمملکت برائے خارجہ حنا ربانی کھر اور وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی شیری رحمٰن اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔
وزیرخارجہ نے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کو ان کی وژنری لیڈرشپ کے تحت سعودی عرب کو ترقی اور خوشحالی کی بلندیوں تک پہنچانے پر خراج تحسین پیش کیا۔
گزشتہ ماہ جدہ ہونے والے ملاقات کا ذکر کرتے ہوئے پاکستانی وزیرخارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان بہترین دوطرفہ تعلقات اور شراکت داری پر اطمینان کا اظہار کیا اور باہمی مفاد میں اس شراکت داری کو مزید مستحکم کرنے کا عزم ظاہر کیا۔
دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات اور عالمی اور علاقائی معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان گہرے اور بردرانہ تعلقات ہیں جو کہ ہر آزمائش پر پورا اترے ہیں۔
انہوں نے مملکت کی جانب سے پاکستان کی حمایت اور کشمیر کاز سے مسلسل اظہار یکجہتی پر سعودی عرب کا شکریہ ادا کیا۔
بیان کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات کی تزویراتی اہمیت کو دہرایا اورتمام شعبوں بشمول تجارت، معیشت اور سرمایہ کاری میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط کرنے کا عزم کیا۔
دونوں ممالک کے عالمی ایشوز پر رائے میں ہم آہنگی کا ذکر کرتے ہوئے وزرائے خارجہ نے مشترکہ طور پر ترقی پذیر ممالک کے درمیان خصوصاً او آئی سی کے پلیٹ فارم سے اشتراک اور تعاون کو بہتر کرنے کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا۔