پیٹرول مہنگا ہونے کے بعد آئی ایم ایف سے ڈیل کی امید، ڈالر سستا
جمعہ 27 مئی 2022 9:00
زین علی -اردو نیوز، کراچی
جمعے کو سٹاک مارکیٹ ساڑھے 8 سو پوائنٹس اضافے کے ساتھ 43 ہزار کی حد عبور کر گئی(فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان کے آئی ایم ایف سے معاملات طے ہونے اور دوست ممالک کی جانب سے سہولت ملنے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری آ رہی ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق جمعے کو ڈالر کی قدر میں 4 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے جس کے بعد انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر 200 روپے کی سطح سے نیچے آگیا۔
ملک میں نومنتخب مخلوط حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کی شرائط تسلیم کرنے اور تیل کی مصنوعات پر سبسڈی کم کرنے کے بعد آج (جمعے کو ) ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری رپورٹ کی جا رہی ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے جنرل سیکرٹری ظفر پراچہ نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت اور آئی ایم ایف کے درمیان معاملات تقریباً طے ہو گئے ہیں جس کی وجہ آج روپے کی قدر میں بہتری دیکھی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ’گزشتہ روز پیٹرولیم مصنوعات میں سبسڈی کم کی گئی جو آئی ایم ایف کی شرائط کا ایک اہم پوائنٹ تھا۔اس سے خسارے میں بھی کمی آئے گی۔
’حکومت کو معاشی معاملات میں مزید سخت اقدامات اٹھانے پڑیں گے تاکہ ملکی معیشت کو بہتر سمت لایا جاسکے۔‘
ان کا مزید کہنا تھا کہ ’اس موقعے پر ہمارے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب کا کردار بھی قابل ستائش ہے، جس نے اپنی جمع کرائی گئی رقم کو پاکستان میں رکھنے کی مدت میں توسیع کا عندیہ دیا ہے۔ یہ ایک خوش آئند فیصلہ ہے۔ روپے کی قدر میں بہتری یہ ایک وجہ یہ بھی ہے۔
فاریکس ڈیلرز کے مطابق آج ملک میں ڈالر 4 روپے 10 پیسے کمی کے ساتھ 198 روپے 35 پیسے پر ٹریڈ ہو رہا ہے۔
دوسری جانب کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان سٹاک ایکسچینج میں بھی مثبت رجحان دیکھا جارہا ہے۔
جمعے کو کاروبار کا آغاز مثبت انداز میں ہوا اور مارکیٹ ساڑھے 8 سو پوائنٹس اضافے کے ساتھ 43 ہزار کی حد عبور کر گئی۔
معاشی ماہرین کا کہنا ہے سیاسی صورتحال میں بہتری اور آئی ایم ایف کی جانب سے مثبت جواب کی وجہ سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے۔