Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

لِیکڈ آڈیو نے عمران خان کی اصلیت کو بے نقاب کر دیا: شہباز شریف

28 مئی کو لیک ہونے والی آڈیو کو ملک ریاض اور آصف زرداری سے منسوب کیا گیا تھا (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حال ہی میں منظرعام پر آنے والی آڈیو ٹیپ نے عمران خان کی منافقت اور دوہرا معیار بے نقاب کر دیا ہے۔
اتوار کی دوپہر انہوں نے ٹویٹ بیان میں مزید لکھا ’اپنے دعوؤں کے برعکس انہوں (عمران خان) نے خود کو اور اپنی حکومت بچانے کے لیے این آر او مانگا۔ تمام کوششیں ناکام ہونے کے بعد غیرملکی سازش کی جعلی کہانی تیار کی گئی۔‘
شہباز شریف کے مطابق ’ان کا جھوٹ بے نقاب ہو گیا ہے۔‘
خیال رہے 28 مئی کی شام کو ایک آڈیو ٹیپ لیک ہوئی تھی، جس کو شیئر کرنے والوں نے دعوٰی کیا کہ اس میں پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض سابق صدر آصف علی زرداری سے گفتگو کر رہے ہیں۔
مبینہ آڈیو ٹیپ میں ’ملک ریاض سے منسوب آواز‘ کہتی ہے کہ ’خان آپ سے مصالحت چاہتے ہیں۔‘ جواب میں ’آصف زرداری کی آواز‘ میں کہا جاتا ہے کہ ’اب ممکن نہیں ہے۔‘
سابق صدر آصف علی زرداری، پیپلزپارٹی یا ملک ریاض کی جانب سے مبینہ آڈیو ٹیپ سے متعلق کچھ نہیں کہا گیا، تاہم اسی دوران سابق وزیراعظم عمران خان کے چیف آف سٹاف شہباز گل نے ٹویٹ میں اسے ’جھوٹی سٹوری‘ قرار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ’عمران خان کو کسی این آر او کی ضرورت نہیں بلکہ تمام لوگ خان سے این آر او مانگتے رہے ہیں۔‘

چند سیکنڈز کی آڈیو ٹیپ ٹوئٹر کا ٹاپ ٹرینڈز بنی تو اس میں گفتگو کرنے والوں نے نہ صرف آڈیو کلب کا تجزیہ کر کے اس کے صحیح و غلط کی نشاندہی کا مطالبہ کیا بلکہ اس میں سنائی دینے والی گفتگو کے وقت سے متعلق جاننے میں بھی دلچپسپی لیتے رہے۔
کئی تبصرہ کرنے والوں نے اسے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد سے پہلے کی گفتگو قرار دیا۔ اس خیال سے متفق دکھائی نہ دینے والوں کا کہنا تھا کہ اس وقت تو عمران خان سابق صدر کو ’اپنی بندوق کی نشست پر‘ بتایا کرتے تھے، پھر مصالحت کا پیغام کیسے دے سکتے ہیں۔
احسن علی نے لیکڈ آڈیو کال پر تبصرے میں لکھا کہ ’بطور پاکستانی میں اس کی حقیقت جاننے کے لیے تحقیق چاہتا ہوں۔‘
مہر تارڑ نے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ’اگر ملک ریاض توقع کرتے ہیں کہ پاکستانی لیکڈ آڈیو کے درست ہونے پر یقین کریں تو انہیں عمران خان کے خود کو بھیجے گئے پیغامات جاری کرنے چاہییں۔‘

شیئر: