Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے حج آپریشن کا شیڈول جاری، 329 پروازیں آپریشن میں حصہ لیں گی

سرکاری عازمین حج پی آئی اے، ایئر بلیو، سرین اور سعودی ایئر کے ذریعے سعودی عرب پہنچیں گے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) نے حج آپریشن کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
منگل کو پی آئی اے کے ترجمان عبداللہ خان نے کہا ہے کہ چھ جون کو پہلی حج پرواز 329 عازمین حج کو لے کر اسلام آباد سے صبح چار بجے مدینہ منورہ روانہ ہوگی۔
حج آپریشن تین جولائی تک جاری رہے گا۔ جبکہ حج کا فریضہ ادا ہونے کے بعد حج کی پروازیں 14 جولائی سے 13 اگست تک جاری رہیں گی۔
پی آئی اے  کے ترجمان عبد اللہ خان نے بتایا کہ ’سرکاری سکیم کے تحت استفادہ حاصل کرنے والے 15 ہزار عازمین حج پی آئی اے کی پروازوں سے سعودی عرب جائیں گے جبکہ پرائیوٹ آپریٹرز کے 18 ہزار حجاج کرام بھی پی آئی اے کے حج آپریشن سے استفادہ حاصل کریں گے۔‘ 
ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا حج آپریشن 331 پروازوں پر مشتمل ہوگا۔ جس میں پانچ شہروں اسلام آباد، کراچی، لاہور، ملتان اور کوئٹہ سے عازمین کو سعودی عرب پہنچایا جائے گا۔
ترجمان نے کہا کہ ’وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق کی خصوصی ہدایات پر سی ای او پی آئی اے آپریشن کی خود نگرانی کریں گے۔ وزیر ہوابازی نے آپریشن کو حجاج کرام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے ترتیب دینے کی ہدایات جاری کی ہیں۔‘ 

حج آپریشن چھ جون سے تین جولائی تک جاری رہے گا۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے قبل پی آئی اے نے 31 مئی سے حج آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم وزارت مذہبی امور اور ایوی ایشن  کے ذرائع کے مطابق حج آپریشن کی تیاریاں مکمل نہ ہونے کے باعث حج آپریشن شروع کرنے میں تاخیر ہوئی ہے۔
سیکریٹری مذہبی امور نے کہا ہے کہ ’چھ ماہ پر محیط حج آپریشن کو ایک ماہ کی قلیل مدت میں مکمل کر کے نئی تاریخ رقم کی ہے۔ اب تک حاجی کیمپوں کے ذریعے سرکاری سکیم کے تحت 80 فیصد سے زائد عازمینِ حج کی تربیت کا عمل مکمل کیا جا چکا ہے۔‘
پاکستان سے سرکاری عازمین حج پی آئی اے، ایئر بلیو، سرین اور سعودی ایئر کے ذریعے سعودی عرب پہنچیں گے۔

شیئر: