Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ملکہ برطانیہ کے اقتدار کی ’پلاٹینم جوبلی‘، جمعرات سے تقریبات

موجودہ شدید مہنگائی اور بادشاہت کے مستقبل سے متعلق شکوک کے باوجود برطانوی شہری رواں ہفتے ملکہ الزبتھ دوئم کے اقتدار کے 70 برس پورے ہونے کا جشن منانے کو تیار ہیں۔
فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق ملک میں 1970 کے بعد پہلی مرتبہ موجودہ نوعیت کی مہنگائی دیکھی گئی ہے۔ روزانہ ایسی رپورٹس سامنے آ رہی ہیں کہ مقامی افراد کھانے پینے اور دیگر بنیادی ضروریات پوری کرنے کی پریشانی سے دوچار ہیں۔ ایسے میں چار روزہ پلاٹینم جوبلی تقریبات کو مہنگائی کے احساس سے عارضی چھٹکارے کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔
کورونا کی وبا سمیت حالیہ مشکل صورتحال کے بعد جمعرات سے دو تعطیلات اور پھر ویک اینڈ کی اکٹھی چار چھٹیوں کی وجہ سے ریستورانوں اور ریٹیلرز کو اشیا کی فروخت میں عارضی اضافے کی توقع ہے۔
مقامی تجارتی تنظیم کے مطابق ’چاروں دن سورج موجود ہو گا ایسے میں توقع ہے کہ کھانے پینے کے مراکز ملکہ کی خوشی اور برطانیہ کے دو بڑے اداروں سے اپنی سپورٹ کا اظہار کرنے والوں سے بھرے رہیں گے۔‘
شہزادہ چارلس اپنی والدہ کی متعدد ذمہ داریاں قبول کریں گے۔ ایسے میں یہ سوچ بھی موجود ہے کہ برطانوی تاریخ میں شاید پہلی یا آخری مرتبہ شاہی اقتدار کی پلاٹینم جوبلی تقریبات منعقد ہو رہی ہیں۔
برطانوی اخبار سن کے رواں ہفتے لیے گئے ایک جائزے کے مطابق ملکہ برطانیہ کی اپروول ریٹنگ 91.7 ہے۔ البتہ شہزادہ چارلس کے لیے یہ 67.5 فیصد جب کہ ان کے بیٹے شہزادہ ولیم کے لیے 87.4 فیصد ہے۔
ملکہ برطانیہ اپنے اقتدار کے دوران متعدد خاندانی مسائل سے نبردآزما رہیں۔ ان کے صاحبزادے شہزادہ چارلس کی شہزادی ڈیانا سے علیحدگی اور گزشتہ برس شوہر شہزادہ فلپ کا 99 برس کی عمر میں انتقال ان مسائل میں نمایاں رہے۔ اسی دوران بادشاہت میں متعدد جدتیں متعارف کرائی گئیں۔
چار روز تک جاری رہنے والی پلاٹینم جوبلی جشن کا آغاز جمعرات سے ہو گا، اس موقع پر ملٹری پریڈ، فضائی شو سمیت متعدد سرگرمیاں منعقد کی جائیں گی۔ توقع ہے کہ ملکہ برطانیہ اور شاہی خاندان کے افراد بکنگھم پیلس کی بالکونی سے جہازوں کا شو دیکھیں گے۔
شاہی خاندان کے افراد میں سے وہی ان تقریبات میں شریک ہوں گے جو اس وقت فیملی کا حصہ ہیں۔ خودساختہ جلاوطنی اختیار کیے ہوئے شہزادہ ہیری اور ان کی امریکی اہلیہ میگھن سمیت ملکہ کے دوسرے بیٹے شہزادہ اینڈیو تقریبات میں موجود نہیں ہوں گے۔
چار روزہ تقریبات میں برطانوی جھنڈے کے رنگ ہر جانب نمایاں رہیں گے جب کہ اتوار کو شاہی محل کے سامنے اڈشیرن ’گاڈ سیو دی کوئن‘ گائیں گے۔
برطانوی ایمپائر کے مقبوضہ علاقوں سے دولت مشترکہ کی اقوام سامنے آئی تھیں، ان میں 14 اب بھی ملکہ کو اپنی ریاست کا سربراہ مانتے ہیں جن میں کینیڈا اور آسٹریلیا بھی شامل ہیں۔

شیئر: