کراچی کے سپر سٹور میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، ریسکیو آپریشن جاری
بدھ 1 جون 2022 11:38
زین علی -اردو نیوز، کراچی
آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے فائر بریگیڈ کی مزید گاڑیاں بھی بلوائی گئیں (فوٹو: ٹوئٹر، مرتضیٰ وہاب)
کراچی کے علاقے کشمیر روڈ پر واقع 15 منزلہ رہائشی عمارت کے گراؤنڈ فلور پر قائم سپر سٹور میں آگ بھڑک اٹھی۔
یہ واقعہ بدھ کو پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق ابتدائی طور پر سٹور میں موجود عملے نے اپنے مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے آگ سپر سٹور کے گراؤنڈ فلور اور پہلی منزل تک پہنچ گئی۔
کراچی محکمہ فائر بریگیڈ کے آفیسر محمد ذاکر نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سپر سٹور میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی آگ قرار دیا گیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں جبکہ آپریشن میں 15 گاڑیاں حصہ لے رہی ہیں۔
عینی شاہد عمران احمد نے بتایا کہ سپر سٹور سے دھواں نکلتا نظر آرہا تھا۔ ہم یہاں روڈ کے پار کھڑے تھے۔ دیکھتے ہی دیکھتے دھواں بڑھنے لگا اور لوگ سٹور سے باہر کی جانب بھاگتے نظر آئے۔ لوگ اپنی مدد آپ کے تحت آگ بجھانے کو کوسشش کر رہے تھے۔ لیکن سیاہ دھواں اتنا تیزی سے باہر آ رہا تھا کہ لوگ خوفزدہ ہوکر اس مقام سے دور کھڑے ہوگئے۔
ایک اور عینی شاہد زبیر قاسم نے اردو نیوز کو بتایا کہ ’میں اپنے گھر میں موجود تھا۔ کام کے لیے اپنی فیکٹری جانے کے لیے نکلنے والا تھا کہ ایمبولینس اور فائربریگیڈ کی گاڑیوں کے سائرن کی آواز آنے لگی۔
’میں اپنے گھر کی گیلری میں گیا تو دیکھا کہ سامنے روڈ پر دھواں نکل رہا ہے۔ سپر سٹور میرے گھر سے چند قدم کے فاصلے پر ہے۔ میں جب سٹور کے سامنے پہنچا تو فائر بریگیڈ کی دو گاڑیاں آگ بجھانے میں مصروف تھیں۔‘
انہوں نے بتایا کہ آگ کی شدت زیادہ ہونے کی وجہ سے مزید گاڑیاں بلوائی گئیں۔
واٹر بورڈ کراچی کے ترجمان کے مطابق آگ بجھانے کے لیے فائربریگیڈ کو بلا تعطل پانی فراہم کرنے والے ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب پولیس اور رینجرز نے جائے وقوعہ کو اپنے گھیرے میں لے کر عام شہریوں کو آگ سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ اس کے علاوہ عمارت میں رہائش پذیر افراد کو بھی احتیاطی طور پر گھروں سے باہر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔