Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

 سمارٹ ویکیوم سے خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی میں سہولت

خانہ کعبہ کی صفائی کئی مراحل میں کی جاتی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)
حرمین شریفین کی انتظامیہ نے جمعرات کو خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی ریکارڈ وقت میں مکمل کرادی۔ سپیشلسٹ ٹیم نے جدید ترین ٹیکنالوجی سے آراستہ سمارٹ ویکیوم کلینر کے ذریعے 20 منٹ میں چھت کی دھلائی اور صفائی کا کام انجام دیا۔ 
عاجل ویب سائٹ کے مطابق خانہ کعبہ کی صفائی اور دھلائی کا نظام الاوقات مقرر ہے۔ یہ کام ہر بار کئی مراحل میں انجام دیا جاتا ہے۔ سب سے پہلے خانہ کعبہ کی چھت پر موجود گردوغبار صاف کیا جاتا ہے۔
 غلاف کعبہ کے اٹھائے  ہوئے حصوں کو صاف کیا جاتا ہے۔ خانہ کعبہ کی چھت ، دروازےاور دیواروں کی صفائی کی جاتی ہے۔ یہ کام پانی میں بھگوئے کپڑے کی مدد سے انجام دیا جاتا ہے۔  
سیکریٹری سربراہ اعلی برائے خدمات محمد الجابری نے بتایا کہ خانہ کعبہ کی چھت کی صفائی کا کام مقررہ نظام الاوقات کے مطابق انجام دیا جاتا ہے۔ اس پرسپیشلسٹ ٹیم تعینات ہے۔  وہ بیت اللہ شریف اور زائرین کی خدمت کے حوالے سے تربیت یافتہ ہے۔ 
الجابری نے بتایا کہ خانہ کعبہ کی چھت کی دھلائی جدید ترین مشینوں سے کی جاتی ہے۔ چھت کو دھونے کے بعد خشک کیا جاتا ہے۔ پھر دوبارہ چھت پر چھڑکاؤ ہوتا ہے اسے صاف کیا جاتا ہے بعدازاں عرق گلاب کا چھڑکاؤ ہوتا ہے۔ یہ تمام کام جدید ترین ٹیکنالوجی کی مدد سے انجام دیے جاتے ہیں۔ 

 سمارٹ ویکیوم سے پانی بھی صفاکیاجاسکتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

الجابری نے بتایا کہ خانہ کعبہ کی چھت کی دھلائی اور صفائی کا کام سادہ انداز سے بھی ہوتا ہے اور جدید ترین مشینوں سے بھی اس سلسلے میں کام لیا جارہا ہے۔
انتظامیہ نے سمارٹ ایپ کے ذریعے چلنے والے سمارٹ ویکیوم کلینر اس مقصد کے لیے حاصل کیے ہیں۔
مذکورہ ویکیوم بڑی خوبیوں والے ہیں۔ ان کی چارجنگ میں 4 گھنٹے لگتے ہیں اور تین گھنٹے تک یہ ویکیوم کرتے ہیں۔ 3 گھنٹے میں یہ 180 مربع میٹر رقبے کی صفائی اور دھلائی کا کام انجام دے دیتے ہیں۔ ان میں پانی کھینچنے کی  صلاحیت 2 ہزار ہارس پاور کی جبکہ گردو غبار 400 ملی میٹر تک کھینچ سکتا ہے۔ 

شیئر: