وزیراعظم کا وزیرستان اور بنوں سے دریافت گیس عوام کو فراہم کرنے کا حکم
وزیراعظم شہباز شریف نے بنوں اور وزیرستان کے گیس کے ذخائر کے استعمال کی منظوری بھی دی (فوٹو: پی ٹی وی)
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے توانائی کے بحران سے نمٹنے کے لیے بنوں اور وزیرستان سے دریافت ہونے والی گیس فوری طور پر عوام کو فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔
وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق منگل کو وزیراعظم سے فوجی فاؤنڈیشن کے چیئرمین وقار احمد ملک اور ماڑی پیٹرولیم کے سربراہ فہیم حیدر نے ملاقات کی، جس میں وزیر مملکت برائے پیٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک بھی موجود تھے۔
ملاقات میں وزیراعظم کو گیس کے شعبے کی مجموعی صورت حال طلب اور رسد کے حوالے سے بریفنگ بھی دی گئی۔
ملاقات کے بعد وزیراعظم نے وزیرستان اور بنوں سے دریافت ہونے والی گیس کو عوام کو فراہمی کی منظوری دے دی۔
بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ذخائر عوام کو گیس کی قلت سے نجات دلانے کے لئے استعمال میں لانے کی ہدایت بھی کی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے علاقے کی ترقی، سماجی بہبود، تعلیم اور صحت کے حوالے سے سفارشات بھی طلب کر لی ہیں۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی اس حوالے سے پلان جاری کیا جائے کہ جن علاقوں سے گیس نکلی ہے وہاں کے عوام کوکیا ملے گا۔
خیبرپختونخوا کے علاقے بنوں سے ایک ٹریلین کیوبک فٹ گیس کے ذخائر دریافت ہوئے تھے۔
ان دنوں پاکستان کو توانائی کے بحران کا سامنا ہے۔
دو ماہ قبل اقتدار سنبھالنے والی مخلوط حکومت نے گزشتہ ہفتے دو مرتبہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھائیں جبکہ بجلی کے نرخ بڑھنے کا بھی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
دوسری جانب گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث بجلی کی مانگ بڑھ گئی ہے تاہم پیداوار کم ہونے کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کے دورانیے میں بھی اضافہ ہو گیا ہے۔
اسی طرح گیس بھی ملکی توانائی کا اہم ذریعہ ہے اور بجلی بنانے میں بھی اس کا اہم کردار ہے۔