راولپنڈی پولیس نے 2011 سے قتل کے مقدمے میں اشتہاری ایک ملزم کو منگل کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ کریکٹر سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے پولیس خدمت مرکز راولپنڈی پہنچا۔
راولپنڈی پولیس کے ترجمان انسپکٹر سجاد الحسن نے اردو نیوز کو بتایا کہ ضلع اٹک کی تحصیل حسن ابدال میں جائیداد کے تنازع پر احمد خان نامی ملزم نے 2011 میں فائرنگ کرکے ایک شخص کو قتل کر دیا تھا۔
ان کے مطابق قتل کی واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا تھا۔
مزید پڑھیں
-
بلوچستان کے سرکاری افسر کو بدعنوانی پر سزاNode ID: 673801
-
دعا زہرہ بہاولنگر سے ’بازیاب‘ ، سندھ پولیس کے حوالے کر دیا گیاNode ID: 674816
-
کیا صوبہ پنجاب میں بیوروکریسی نے کام شروع کر دیا؟Node ID: 675286
عدالت نے ملزم کو اس مقدمے میں اشتہاری قرار دے دیا تھا اور گزشتہ 11 برس سے قتل کے اس مقدمے میں وہ اٹک پولیس کو مطلوب تھا۔
انسپکٹر سجاد الحسن کے مطابق ملزم واردات کے بعد فرار ہو کر بیرون ملک چلا گیا تھا۔ حالیہ دنوں میں وہ ملک واپس آیا اور کسی قانونی تقاضے کے لیے ان کو کریکٹر سرٹیفکیٹ کی ضرورت پڑی۔
’ملزم کریکٹر سرٹیفکیٹ بنوانے کے لیے پولیس خدمت مرکز لیاقت باغ پہنچا۔ پولیس نے کریکٹر سرٹیفکیٹ کے لیے جب درخواست گزار کے کوائف اور متعلقہ تفصیلات کی جانچ پڑتال کی تو پتا چلا کہ وہ اٹک پولیس کو 11 سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب ہے۔‘
سجاد الحسن نے بتایا کہ صوبے کے اشتہاری اور دوسرے ملزم کا ڈیٹا پنجاب پولیس کے پاس مربوط نظام کے تحت میسر ہے اور صوبے بھر کی پولیس کو اس ڈیٹا تک رسائی ہے جس کی وجہ سے اشتہاری ملزمان کی گرفتاری اور جرائم کے خاتمے میں بہت مدد ملتی ہے۔‘
راولپنڈی پولیس کی موثر کاروائی، پولیس خدمت مرکز میں کریکٹر سرٹیفیکیٹ کے حصول کے لیے آنے والا قتل کے مقدمے کا اشتہاری مجرم گرفتار۔ مجرم اشتہاری سال 2011 سے شہری کے قتل کے مقدمہ میں اٹک پولیس کو مطلوب تھا۔ ایس ایس پی آپریشنز وسیم ریاض خان کی PKM لیاقت باغ کے افسران کو شاباش۔ pic.twitter.com/JBUFF3m7BN
— Rawalpindi Police (@RwpPolice) June 7, 2022