امارات سے پانچ عرب ملکوں کے لیے ٹکٹ سو فیصد مہنگے
موسم گرما اورعید الاضحی کی تعطیلات کے باعث نرخ بڑھے ہیں( فوٹو اے ایف پی)
متحدہ عرب امارات میں سکولوں میں موسم گرما کی تعطیلات اور عید الاضحی کے باعث پانچ عرب ملکوں کے لیے فضائی ٹکٹ کی قیمتیں سو فیصد سے بھی زیادہ بڑھ گئی ہیں۔
الامارات الیوم کے مطابق ٹریولنگ ایجنسیوں نے مقیم غیرملکی اور سیاح مہنگے ٹکٹوں سے بچنے کے لیے مناسب تاریخوں کا انتخاب کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
مصری شہروں قاہرہ اور اسکندریہ، اردن کے دارالحکومت عمان، لبنان کے بیروت اور مراکشی شہر داربیضا کے ٹکٹ سب سے زیادہ مہنگے ہیں۔
ٹریولنگ ایجنسیوں کا کہنا ہے کہ ’4 جولائی سے ٹکٹوں کی قیمتیں مزید بڑھ جائیں گی۔ حالیہ دنوں میں جن لوگوں نے ٹکٹ خریدے ہیں انہیں عام دنوں کے مقابلے میں سو فیصد سے زیادہ مہنگے ٹکٹ ملے ہیں‘۔
امارات سے قاہرہ کا ٹکٹ تین ہزار درہم میں پہنچ چکا ہے۔ یہ قیمت یکم جولائی سے 8 جولائی تک کے دوران بکنگ کرانے والوں کو دینی پڑ رہی ہے جبکہ بارہ سے 19 جون کے دوران امارات سے قاہرہ کا ٹکٹ 1500 درہم میں دستیاب رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ’بیروت کا ٹکٹ 1400 درہم میں مل رہا تھا جو اب 2900 درہم میں ہوگیا۔ قیمت 107 فیصد اضافہ ہوا ہے‘۔
’عمان کا ٹکٹ 1600 درہم کے بجائے 2700 درہم، اسکندریہ کا 1300 کے بجائے 2500 اور دار بیضا کا ٹکٹ 2800 کے بجائے 3800 درہم میں مل رہا ہے‘۔