غیر قانونی طور پر شیر رکھنے پر 10 سال قید اور 30 ملین ریال جرمانے کی سزا کا سامنا
دارالحکومت ریاض کے استراحہ سے تین شیر برآمد کیے گئے ہیں( فوٹو العربیہ)
سعودی قومی مرکز برائے افزائش جنگلی حیاتیات کی ایک ٹیم نے دارالحکومت ریاض کے استراحہ (گیسٹ ہاؤس) سے تین شیر برآمد کیے ہیں۔
عرب نیوز کے مطابق سعودی نوجوان کو استراحہ میں غیر قانونی طور پر شیر رکھنے پر دس سال قید اور تیس ملین ریال جرمانے کی سزا کا سامنا ہے۔
استراحہ کا مالک سعودی نوجوان ماحولیاتی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے انہیں استراحہ میں رکھے ہوئے تھا۔
العربیہ نیٹ کے مطابق قومی مرکز کی ٹیم نے استراحہ( گیسٹ ہاؤس) میں موجود تینوں شیروں کو منتقل کرنے سے قبل بے ہوش کیا اور پھر انہیں مرکز لے جایا گیا۔
ماحولیاتی سیکیورٹی فورس کا کہنا ہے کہ مقامی شہری نے گیسٹ ہاؤس میں شیر رکھ کر قانون کی خلاف ورزی کی۔ ماحولیاتی قانون اور اس کے لائحہ عمل کے تحت کسی بھی شخص کو اپنے گھر یا نجی ملکیت میں شیر اور اس جیسے دیگر درندوں کو پالنا اور رکھنا منع ہے۔
قانون کی خلاف ورزی پر 30 ملین ریال تک جرمانہ اور 10 سال تک قید کی سزا مقرر ہے۔ دونوں سزاؤں میں سے کسی ایک سزا پر بھی اکتفا کیا جاسکتا ہے۔