لاہور سے دوحہ جانے والے مسافر طیارے کی کراچی میں ہنگامی لینڈنگ
فنی خرابی پر پائلٹ نے کراچی کنٹرول سے رابطہ کیا اور اجازت ملنے پر جہاز کو اتار لیا گیا (فائل فوٹو)
لاہور سے قطر کے دارالحکومت دوحہ جانے والے مسافر طیارے کو فنی خرابی کے باعث ہنگامی طور پر کراچی ایئرپورٹ پر اتار لیا گیا۔ پرواز میں 200 مسافر سوار تھے۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا ہے کہ منگل کو لاہور سے دوحہ جانے والی قطر ایئرویز کی پرواز کا انجن نمبر 2 اچانک بند ہوگیا جس کے باعث طیارے کو ہنگامی لینڈنگ کرائی گئی۔
بعد ازاں بعد مسافروں کو بحفاظت ایئرپورٹ کے لاؤنج منتقل کر دیا گیا۔
سول ایوی ایشن ذرائع کے مطابق طیارہ اس وقت فنی خرابی کا شکار ہوا جب وہ ایرانی سرحد کے قریب تھا۔
قطر ایئرویز کی پرواز کیو آر 629 کے پائلٹ نے خرابی سامنے آنے کے بعد کراچی کنٹرول ٹاور سے رابطہ کیا اور لینڈنگ کی اجازت مانگی۔
گرین سگنل ملنے پر پرواز کو کراچی ایئرپورٹ پر بحفاظت اتار لیا گیا۔