مشرقی ریجن میں بھی پرانے علاقے گرائے جائیں گے؟
بلدیہ کا کہنا ہے کہ مشرقی ریجن میں ایسا کوئی منصوبہ نہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
الشرقیہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے کہا ہے کہ مشرقی ریجن میں متعدد محلوں کے انہدام کے دعوے درست نہیں۔ اس حوالے سے جو افواہیں گردش کررہی ہیں درست نہیں حقیقت سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔ اس قسم کی باتوں پر کان نہ دھرا جائے۔ سرکاری اداروں سے تعلق رکھنے والی خبروں کے لیے سرکاری اداروں سے ہی معلومات حاصل کی جائیں۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق الشرقیہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی نے ٹوئٹر کے اپنے اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ ان دنوں یہ اطلاعات گردش کررہی ہیں کہ مشرقی ریجن میں بھی متعدد محلے منہدم کیے جائیں گے۔ اتھارٹی یہ بات ریکارڈ پر لانا چاہتی ہے کہ یہ دعوے سراسر غلط اور بے بنیاد ہیں اور حقیقت سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔
یاد رہے کہ جدہ ریجن میں متعدد محلے منہدم کیے جارہے ہیں جبکہ 22 محلے منہدم کیے جاچکے ہیں۔
جدہ میونسپلٹی کے ترجمان محمد البقمی نے چند روز قبل بیان دیا تھا کہ سال رواں کے آخر تک شہر کی تمام کچی بستیاں منہدم کردی جائیں گی۔
البقمی نے الاخباریہ چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 20 محلوں کے انہدام میں چھ ماہ لگ گئے۔ منہدم شدہ محلوں کا ملبہ مقررہ نظام الاوقات کے مطابق ہٹایا جارہا ہے۔