پنجاب میں کاروباری مراکز اور دکانیں رات 9 بجے بند کرنے کا اعلان
پنجاب میں کاروباری مراکز اور دکانیں رات 9 بجے بند کرنے کا اعلان
ہفتہ 18 جون 2022 17:28
پہلے مرحلے میں لاہور سمیت صوبے کے تمام بڑے شہروں میں فیصلے پر عمل کیا جائے گا۔ فائل فوٹو: پیس لاہور
پاکستان کے صوبہ پنجاب کے وزیراعلیٰ حمزہ شہباز نے توانائی کی بچت کے اقدام کے طور پر تجارتی، کاروباری مراکز اور دکانیں رات نو بجے بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔
سنیچر کو تاجروں کے نمائندہ وفد سے ملاقات کے بعد وزیراعلیٰ پنجاب کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق ملک میں جاری توانائی کے بحران کے باعث کاروباری مراکز رات کو جلد بند کرنے فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب میں بجلی کے بچت کی منصوبے پر پیر 20 جون سے عمل عمل درآمد شروع ہو گا۔ تجارتی اور کاروباری مراکز، دکانیں اور ریستوران رات کو جلد بند کر دیے جائیں گے۔
اعلان کے مطابق شادی ہالز رات دس بجے جبکہ ریستوران رات ساڑھے گیارہ بجے بند کر دیے جائیں گے۔ میڈیکل سٹورز کو استثنیٰ دیا گیا ہے۔
پہلے مرحلے میں لاہور سمیت صوبے کے تمام بڑے شہروں میں فیصلے پر عمل کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ صوبہ سندھ میں توانائی کے بحران سے نمٹنے کے اقدام کے طور پر شہروں میں بازار اور کاروباری مراکز رات نو بجے جبکہ شادی ہالز رات ساڑھے دس بجے بند کرنے کے فیصلے پر پہلے ہی عمل کیا جا رہا ہے۔
گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف کی صدارت قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں توانائی بحران سے نمٹنے کے لیے چاروں صوبوں نے بازار اور دکانیں رات ساڑھے 8 بجے بند کرنے کی تجویز پر اصولی طور پر اتفاق کیا تھا تاہم تاجر تنظمیوں نے حکومت کی جانب سے مارکیٹیں اور بازار جلد بند کرنے کے منصوبے کی مخالفت کی تھی۔
قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس میں وفاقی کابینہ کے سات جون 2022 کے اجلاس میں توانائی کی بچت کے حوالے سے تجاویز اور فیصلوں سے صوبائی وزرائے اعلٰی کو آگاہ کیا تھا۔
چاروں صوبوں نے بازار اور دکانیں رات ساڑھے 8 بجے بند کرنے کی تجویز پر اصولی طور پر اتفاق کیا تھا۔