Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی سرمایہ کاروں کا وفد ایک ہفتے کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گیا

پاکستان میں جاری سی پیک منصوبوں، پنجاب سندھ اور خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے سعودی سرمایہ کاروں کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد اسلام آباد پہنچ گیا ہے۔  
30 رکنی وفد اسلام آباد میں وفاقی وزرا، اعلی سرکاری وفاقی و صوبائی حکام، سی پیک سے متعلقہ حکام اور کاروباری افراد سے ملاقاتیں کرے گا۔ 
سعودی سفارت خانے کے مطابق سعودی سرمایہ کاروں کا وفد ایک ہفتے تک پاکستان میں قیام کرے گا۔ اس دوران وفد اسلام آباد، لاہور، کراچی اور فیصل آباد کا دورہ کرے گا۔ 
اسلام آباد میں پیر کی شام وفد سے سی پیک سے متعلقہ عہدیداروں سے ملاقات کریں گے جس میں پاکستان میں سی پیک منصوبوں، ان پر ہونے والی پیش رفت اور ان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور طریقہ کار سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوگی۔
اسی روز وفد سے کے پی کے فوڈ سیکورٹی پروگرام سے متعلقہ حکام سے ملاقات بھی شیڈول ہے جس میں صوبے میں غذائی شعبہ میں سرمایہ کاری، فوڈ پروسیسنگ اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات پر تبادلہ خیال ہوگا۔ 
وفد پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور وزیر منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری احسن اقبال سے الگ الگ ملاقاتوں میں دو طرقہ تجارت کے فروغ، تاجروں کے لیے سہولیات، قوانین اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے موزوں شعبہ جات اور سیکٹرز پر تبادلہ خیال بھی کرے گا۔ 
منگل کو سعودی سرمایہ کاروں کا وفد لاہور جائے گا جہاں لاہور چیمبر آف کامرس میں ملاقات پاکستانی تاجروں سے ملاقات ہوگی۔ وفد کو  جی او آر میں پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے صوبے میں سرمایہ کاری سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔  
جمعے کو سعودی وفد فیصل آباد کا دورہ کرے گا جہاں ان کی فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ارکان سے ملاقات طے ہے۔ اس ملاقات میں فیصل آباد میں صنعتوں اور ان میں سرمایہ کاری، تجارت اور باہمی دلچسپی کے امور زیر غور آئیں گے۔
سنیچر کو سعودی سرمایہ کاروں کا وفد کراچی کراچی پہنچے گا جہاں صوبائی حکام کے علاوہ  فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کرے گا اور تاجروں اور سرمایہ کاروں سے ملاقاتیں ہوں گے۔ 
موجودہ حکومت کے قیام کے بعد سعودی عرب سے سرمایہ کاروں کے اعلیٰ سطح کے وفد کا اپنی نوعیت کا یہ پہلا دورہ ہے جو وزیراعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے فالو اپ کے طور پر کیا جا رہا ہے۔ 
سعودی عرب کی جانب سے معاشی مشکلات میں پاکستان کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی گئی ہے اور پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نے دو روز قبل اسلام آباد اردو نیوز کے ساتھ خصوصی بات چیت میں اس جانب اشارہ بھی دیا تھا۔
سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی کا کہنا تھا کہ ’ہم آنے والے دنوں میں پاکستان کو مستحکم، محفوظ اور بہتر حالت میں دیکھیں گے۔‘

شیئر: