پاکستان میں جاری سی پیک منصوبوں اور سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے سعودی سرمایہ کاروں کا ایک اعلیٰ سطح کا وفد سوموار کو اسلام آباد پہنچے گا۔
30 رکنی وفد اسلام آباد میں وفاقی وزرا، اعلی سرکاری وفاقی و صوبائی حکام، سی پیک کے متعلقہ حکام اور کاروباری افراد سے ملاقاتیں کرے گا۔
سعودی سفارت خانے کے مطابق سعودی سرمایہ کاروں کا وفد ایک ہفتے تک پاکستان میں قیام کرے گا۔ اس دوران وفد اسلام آباد، لاہور، کراچی اور فیصل آباد کا دورہ کرے گا۔
مزید پڑھیں
-
مکہ روٹ، ’بہترین انتظامات کرنے پر سعودی حکومت کے شکرگزار ہیں‘Node ID: 678306
-
آنے والے دنوں میں پاکستان کو مستحکم دیکھیں گے: سعودی سفیرNode ID: 678336
اسلام آباد میں سوموار کی شام وفد سی پیک کے متعلقہ حکام سے ملاقات کرے گا جس میں پاکستان میں سی پیک منصوبوں، ان پر ہونے والی پیشن رفت، ان میں سرمایہ کاری کے مواقع اور طریقہ کار سے متعلق تفصیلی بات چیت ہوگی۔
اسی روز وفد سے خیبرپختونخوا فوڈ سکیورٹی پروگرام کے متعلقہ حکام سے بھی ملاقات شیڈول ہے جس میں صوبے میں غذائی شعبے میں سرمایہ کاری، فوڈ پروسیسنگ اور ویلیو ایڈڈ مصنوعات پر تبادلہ خیال ہوگا۔
وفد پاکستان کے وفاقی وزیر تجارت سید نوید قمر اور وزیر منصوبہ بندی اور سرمایہ کاری احسن اقبال سے الگ الگ ملاقاتوں میں دو طرقہ تجارت کے فروغ، تاجروں کے لیے سہولیات، قوانین اور پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے موزوں شعبہ جات اور سیکٹرز پر تبادلہ خیال بھی کرے گا۔
اگلے روز سعودی سرمایہ کاروں کا وفد لاہور جائے گا جہاں لاہور چیمبر آف کامرس میں پاکستانی تاجروں سے ملاقات ہوگی، بعدازاں وفد کو پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کی جانب سے صوبے میں سرمایہ کاری سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
