لندن..... ایئرکینیڈا کامسافر بردار طیارہ مقامی ہیتھرو ایئرپورٹ پر اتنی نازک حالت میں لینڈ کر گیا کہ دیکھنے والے حیران رہ گئے۔ دیکھنے والوں کا کہناہے کہ لینڈنگ کے وقت طیارے کا ایک وہیل غائب تھا۔ خیر گزری کہ اس قسم کی لینڈنگ کے باوجود کوئی حادثہ پیش نہیں آیا۔ خود ہواباز کو بھی اسکا احساس اس وقت ہوا جب گراﺅنڈ اسٹاف نے اسکی نشاندہی کی۔تفصیلات کے مطابق طیارے کا وہیل مانٹریال ایئرپورٹ سے پروازکے فوری بعد گر گیا تھا۔ایئرپورٹ کے ایک نامعلوم کارکن کا کہناہے کہ اس نے اپنی زندگی میں پہلی بار ایسا کوئی واقعہ دیکھا لیکن سب کچھ اتنی خاموشی سے ہوا کہ طیارے پر موجود لوگ بھی اس سے بے خبر رہے۔ایئر کینیڈا کے ترجمان نے واقعہ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ طیارے کا ایک وہیل گر جانے سے لندن تک کا سفر کسی پریشانی سے دوچار نہیں ہوا اور لینڈنگ بھی پرسکون انداز میں ہوئی مگر ہیتھرو ایئرپورٹ کے حکام اسے انتہائی خطرناک واقعہ قرار دے رہے ہیں اورکہتے ہیں کہ ایسے واقعات شہر ی ہوابازی کی حوصلہ شکنی کرسکتے ہیں۔ ماہرین کا کہناہے کہ طیارے کو جو نقصان پہنچا ہے اسے ٹھیک کرنے میں 3دن درکار ہیں۔