عازمین حج کےخیموں میں گیس سلنڈر کے استعمال پر پابندی
یہ پابندی عازمین حج کی سلامتی کےلیے لگائی گئی ہے(فائل فوٹو ایس پی اے)
سعودی محکمہ شہری دفاع نے کہا ہے کہ مشاعر مقدسہ ( منی، مزدلفہ اور عرفات) میں سرکاری اداروں کے دفاتر اور حجاج کے خیموں میں کسی بھی سائز کے گیس سلنڈر استعمال کرنے کی اجازت نہیں ہے ان پر پابندی ہے۔ یکم ذی الحجہ 1443ھ سے عمل درآمد شروع کردیا جائے گا۔
اخبار 24 کے مطابق محکمہ شہری دفاع نے بیان میں کہا کہ منی، مزدلفہ اور عرفات میں گیس سلنڈر لے جانے اور استعمال پر پابندی کا فیصلہ سیکیورٹی اداروں کے تعاون سے نافذ کیا جائےگا۔
جس سرکاری ادارے یا حجاج کے خیمے میں گیس سلنڈر رکھا ملے گا یا اسے استعمال کرتے ہوئے دیکھا جائے گا فوری طور پر ضبط کرلیا جائے گا۔ گیس سلنڈر لانے اور استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔
محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ نگراں ٹیمیں منی، مزدلفہ اور عرفات میں تفتیشی مہم کے ذریعے پابندی کے نفاذ کو یقینی بنائیں گی۔
واضح رہے کہ یہ پابندی عازمین حج کی سلامتی کےلیے لگائی گئی ہے۔
محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی سلامتی کے لیے جوہدایات جاری کی جاتی ہیں ان پرعمل کرنا ضروری ہے۔