Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

بڑی صنعتوں پر سپر ٹیکس، سعودی سرمایہ کاروں کا دورہ اور چین سے دو ارب ڈالر قرض سمیت پاکستان سے ہفتہ بھر کی اہم خبریں

گزشتہ ہفتے کے دوران پاکستان میں بجٹ پر قومی اسمبلی میں بحث جاری رہی۔ فائل فوٹو
پاکستان میں گزشتہ ہفتے کے دوران کئی اہم واقعات رونما ہوئے جن میں سے اہم ترین وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بڑی صنعتوں پر 10 فیصد ٹیکس لگانے کے اعلان تھا جبکہ سپر ٹیکس کے ذریعے ریونیو اکھٹا کرنے کو بھی بجٹ کا حصہ بنایا گیا۔
بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض پروگرام کی بحالی کے لیے پاکستان کے مذاکرات بھی گزشتے ہفتے کی اہم خبروں میں شامل رہے۔
بدھ کو صبح آئی ایم ایف پاکستان کی نمائندہ نے کہا کہ ’آئی ایم ایف کے عملے اور حکام کے درمیان آنے والے سال میں میکرو اکنامک استحکام کو مضبوط بنانے کی پالیسیوں پر بات چیت جاری ہے، اور مالی سال 2023 کے بجٹ کے حوالے سے اہم پیش رفت ہوئی ہے۔‘

سعودی سرمایہ کاروں کے وفد کا دورہ

پاکستان میں جاری سی پیک منصوبوں، پنجاب سندھ اور خیبر پختونخوا میں سرمایہ کاری کے مواقع کا جائزہ لینے کے لیے سعودی سرمایہ کاروں کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے پاکستان کا دورہ کیا۔  
30 رکنی وفد نے اسلام آباد میں وفاقی وزرا، اعلی سرکاری وفاقی و صوبائی حکام، سی پیک سے متعلقہ حکام اور کاروباری افراد سے ملاقاتیں کیں۔ 

وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے بڑی صنعتوں پر 10 فیصد ٹیکس لگانے کا اعلان کیا گیا۔ فوٹو: اے ایف پی

روسی قونصل جنرل کا انٹرویو

کراچی میں روسی قونصل جنرل آندرے وکٹرووچ فیڈروف کا اردو نیوز کو انٹرویو بھی ایک اہم خبر رہا جنہوں نے کہا تھا کہ غیرقانونی مغربی پابندیوں کا حل نکالا جائے تو روس اور پاکستان کے درمیان معاشی تعاون بڑھ سکتا ہے۔

ٹی ٹی پی سے مذاکرات پر بریفنگ

وزیراعظم ہاؤس میں قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی بریفنگ میں بتایا گیا کہ ’تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ساتھ افغانستان کی حکومت کی سہولت کاری سے بات چیت کا عمل جاری ہے۔‘

چین سے دو ارب ڈالر کا قرض موصول

پاکستان کے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ چین کے کنسورشیم بینکوں نے  پاکستان کو 2 ارب 30 کروڑ ڈالر قرض کی فراہمی کے معاہدے پر دستخط کیے جس کے بعد یہ رقم موصول ہو گئی۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں ریکارڈ رقم جمع

پاکستان کے مرکزی بینک (سٹیٹ بینک) نے اعلان کیا کہ منگل کو اوورسیز پاکستانیوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کی مد میں 5 کروڑ 70 لاکھ ڈالر کی ریکارڈ رقم جمع کروائی۔
سٹیٹ بینک کی جانب سے جمعے کو ٹوئٹر پر اعلان کیا گیا کہ ’سمندر پار پاکستانی اب تک کل ساڑھے چار ارب ڈالر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس میں جمع کروا چکے ہیں۔‘

نیب قانون میں ترامیم کی مذمت

سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ ’حکومت کی جانب سے نیب ترامیم کے بعد اب جعلی اکاؤنٹ میں پیسہ آئے گا تو ان کو نہیں ثابت کرنا پڑے گا بلکہ نیب کو ثابت کرنا پڑے گا۔‘

سندھ کے ہسپتال میں امریکی خاتون کا آپریشن

پاکستان کے صوبہ سندھ کے ضلع خیرپور میرس کی تحصیل کے شہر گمبٹ میں قائم پیر سید عبد القادر شاہ جیلانی انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز ہسپتال میں امریکی خاتون کے جگر کا کامیاب آپریشن کیا گیا ہے۔
گزشتہ ہفتے ایک اہم خبر الیکشن کمیشن کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے خلاف ممنوع فارن  فنڈنگ کیس کا فیصلہ محفوظ کرنا بھی رہا۔ یہ کیس آٹھ برس تک زیرسماعت رہا۔

شیئر: