عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث مختلف شہروں میں مراکز قائم کئے جا رہے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر
یوگا ایسا قدیم فن ہے جو سائنس اور کھیل کو ملا کر اب ایک جدید موڑ حاصل کر رہا ہے اور اب سعودی عرب میں بھی اس جانب رحجان بڑھنے کے سبب تربیتی اکیڈمیوں کے لیے منصوبہ بندی کا آغاز کیا گیا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق آٹھویں بین الاقوامی یوگا ڈے کے موقع پر سعودی یوگا کمیٹی نے وزارت کھیل کے تعاون سے نافس پلیٹ فارم پر ایک پروگرام شروع کیا ہے جس کا مقصد یوگا کے لیے انسٹرکٹرز کو تربیت دینے کے لیے باقاعدہ اکیڈمیاں، یوگا ہالز اور یوگا سے متعلق ادارے کھول کر اس فن کی حوصلہ افزائی کی جا سکے۔
مملکت میں یوگا کی انسٹرکٹر اور سعودی یوگا کمیٹی کی صدر نوف المروعی نے کہا ہے کہ زبردست پذیرائی کے بعد اس کمیٹی کا مقصد مملکت کے تمام شہروں میں یوگا سینٹرز اور سٹوڈیوز کی تعداد میں اضافہ کرنا ہے تاکہ یوگا تک رسائی اور اس کی مشقیں کرنا آسان ہو۔
گذشتہ دنوں ریاض میں انڈین سفارت خانے میں یوگا کے بارے میں ہونے والے ایک پروگرام میں نوف المروعی مہمان خصوصی تھیں جب کہ سعودی یوگا کمیٹی کے سی ای او احمد السعدی نے جدہ میں قائم انڈین قونصلیٹ میں ایک یوگا تقریب میں شرکت کی۔
نوف المروعی نے بتایا ہے کہ یوگا سہولتوں کے لیے مملکت کے بڑے شہروں میں خدمات مراکز ہیں لیکن عوام کی بڑھتی ہوئی دلچسپی کے باعث اب جنوبی علاقوں عسیر اور ابھا ، شمال میں تبوک اور حائل ، مغرب میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے علاوہ ینبع ،رابغ ، الافلاج اور ریاض کے مضافات میں مراکز بنائے جا رہے ہیں۔
سعودی یوگا کمیٹی کی صدر نے مزید بتایا کہ ہمارے پاس یوگا انسٹرکٹرز اور پریکٹیشنرز کی ایک بڑی جماعت موجود ہے اور ہم نے یہاں یوگا سے متعلق خدمات کو فروغ دینے کے لیے دیگر اقدامات کا آغاز کیا ہے۔
سعودی یوگا کمیٹی کی جانب سے یوگا سیکھنے کے لیےرجسٹریشن کرنے کے علاوہ وزارت کھیل کے تعاون سے نافس پلیٹ فارم کے ذریعے یوگا ٹرینرز اور اساتذہ کو لائسنس جاری کئے جا رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تمام یوگا پریکٹیشنرز کورواں ماہ میں پہلے پیشہ ورانہ یوگامقابلوں میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے، ان مقابلوں کے نتائج کا اعلان 3جولائی کو کیا جائے گا۔
یوگا مقابلوں میں ابتدائی تین پوزیشن حاصل کرنے والے افراد کو نقد انعام دیئے جانے کے علاوہ سعودی یوگا کمیٹی میں بطور پیشہ ور کھلاڑی شامل کیا جائے گا۔
ان مقابلوں کا مقصد سعودی عرب میں یوگا کے پیشہ ور افراد کے لیے ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جو اس کھیل اور مشقوں کے تصور کو بڑھانے میں مدد دے سکے۔
سعودی یوگا کمیٹی مقامی، علاقائی اور بین الاقوامی چیمپئن شپ کے انعقاد کے لیے ایشین یوگاسنا سپورٹس فیڈریشن اور ورلڈ یوگاسنا سپورٹس فیڈریشن جیسی بین الاقوامی تنظیموں کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔