جازان میں سکول کے سامنے ٹائر سکریچنگ، نوجوان گرفتار
نوجوان کو ٹریفک اتھارٹی کے حوالے کیا گیا ہے(فوٹو سبق)
سعودی عرب کے جازان شہر میں ایک سکول کے سامنے ٹائر سکریچنگ کی وڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے پر ٹریفک اہلکاروں نے مقامی نوجوان کو شناخت کے بعد گرفتار کرلیا۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق محکمہ ٹریفک نے ٹوئٹر پر بیان میں کہا کہ’ سوشل مڈیا پر ایک وڈیو کلپ وائرل ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ مقامی نوجوان ایک سکول کے سامنے ٹائر سکریچنگ کررہا ہے۔ سکول کے طلبہ وہاں موجود ہیں جس سے ان کی زندگی کو خطرہ لاحق ہورہا تھا‘۔
بیان میں کہا گیا کہ’ مقامی نوجوان کو حراست میں لے کر ٹریفک اتھارٹی کے حوالے کیا گیا ہے۔ مقررہ سزا کا فیصلہ ہوگا‘۔
عائلی امور کے ماہرین کا کہنا ہے کہ’ طلبہ خطرناک مشاغل اپنائے ہوئے ہیں۔ ان میں ٹائر سکریچنگ، چھیڑ خانی، گاڑیوں کی شکل و صورت میں تبدیلی اور سکولوں کے اطراف گاڑیوں میں گھومنا شامل ہے‘۔
ماہرین کا کہنا کہ’ ان مشاغل میں ملوث طلبہ کے ساتھ مختلف انداز میں معاملہ کرنا ہوگا۔ والدین اور سکول کے ذمہ داران طلبہ کی نفسیات کے مطابق اصلاح کا اہتمام کریں‘۔