انڈین اداکار و سیاستدان راج ببر کو دو سال کی سزا
جمعہ 8 جولائی 2022 12:59
سوشل ڈیسک -اردو نیوز
راج ببر کو سرکاری افسر پر تشدد کرنے پر سزا سنائی گئی ہے۔ (فائل فوٹو: این ڈی ٹی وی)
انڈیا میں ایک عدالت نے اداکار اور سیاستدان راج ببر کو ایک چھبیس سال پرانے مقدمے میں دو سال قید کی سزا سنادی ہے۔
انڈین چینل ’این ڈی ٹی وی‘ کے مطابق راج ببر کو مئی ۱۹۹۶ میں ایک الیکشن کے دوران پولنگ افسر پر تشدد کرنے پر دو سال کی سزا سنائی گئی ہے اور ان پر ساڑھے آٹھ ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔
جمعرات کو عدالت کا فیصلہ میں کہنا تھا کہ راج ببر پر ایک سرکاری افسر کو کام کرنے سے روکنے اور کار سرکار میں مداخلت کرنے پر سزا سنائی گئی ہے۔
عدالت نے جب فیصلہ سنایا اس وقت راج ببر عدالت میں موجود تھے۔
انہوں نے سزا کے بعد عدالت سے راہداری ضمانت لے لی ہے اور سیشنز کورٹ میں اس فیصلے کے خلاف اپیل بھی دائر کریں گے۔
ان کے خلاف پولنگ افسر نے مئی ۱۹۹۶ میں ایف آئی آر کٹوائی تھی۔ راج ببر پر جب یہ مقدمہ قائم کیا گیا وہ سماجوادی پارٹی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑرہے تھے۔ تاہم اب راج ببر کانگریس کے رکن ہیں۔
راج ببر نے یہ الیکشن سابق انڈین وزیراعظم اٹل بہاری واجپائی کے خلاف لڑا لکھنؤ میں لڑا تھا اور ہار گئے تھے۔