مشاعرمقدسہ: 24 گھنٹے میں 6 لاکھ کیوبک میٹر پانی کی فراہمی
مشاعرمقدسہ: 24 گھنٹے میں 6 لاکھ کیوبک میٹر پانی کی فراہمی
پیر 11 جولائی 2022 6:30
کہیں سے پانی کی قلت کی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ (فوٹو عاجل)
نیشنل واٹر کمپنی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹے میں مشاعر مقدسہ اور مکہ مکرمہ میں 6 لاکھ کیوبک میٹرسے زیادہ پانی سپلائی کیا گیا ہے۔
عاجل نیوز کے مطابق ایام حج میں واٹر کمپنی کی جانب سے مشاعر مقدسہ میں پانی کی مستقل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں تاکہ حجاج کرام کو پانی کی کمی کا سامنا نہ ہو۔
پانی کے معیار کو مستقل طور پر جانچنے کے لیے کمپنی کے کوالٹی کنٹرولنگ یونٹس نے ذوالحجہ کے آغاز سے اب تک 2100 پانی کے نمونے حاصل کر کے ان کا لیبارٹری تجزیہ کیا تاکہ اس امر کی یقین دہانی کی جا سکے کہ سپلائی کیا جانے والا پانی مقررہ معیار کے مطابق ہے یا نہیں۔
مشاعرمقدسہ میں صاف پانی کی مستقل فراہمی کے لیے ٹیمیں مسلسل کام کررہی ہیں جن کا مقصد حجاج کرام کو مستقل بنیادوں پر صاف پانی کی فراہمی کو جاری رکھنا ہے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ اب تک مشاعر مقدسہ میں کہیں سے پانی کی قلت کی شکایت موصول نہیں ہوئی۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امدادی یونٹس کو بھی احتیاطی طور پر تیار رکھا گیا ہے تاکہ کہیں ضرورت پڑنے پر فوری طور پر وہاں پانی کی اضافی سپلائی کی جاسکے۔
واٹس ایپ پر سعودی عرب کیخبروں کے لیے”اردو نیوز“گروپ جوائن کریں