Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’نہیں چاہتا کہ عالیہ ماں بننے کی وجہ سے اپنے خواب قربان کرے‘

عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کی شادی رواں سال اپریل میں ہوئی تھی۔ فوٹو: انسٹا عالیہ بھٹ
 بالی وڈ اداکار رنبیر کپور نہیں چاہتے کہ ان کی ہیروئن اہلیہ عالیہ بھٹ کسی وجہ سے بھی اپنے خواب قربان کریں۔
انڈین ایکسپریس کو دیے گئے ایک انٹرویو میں رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ وہ عالیہ بھٹ کے ماں بننے کے بعد بھی انہیں اپنے فلمی کیریئر میں آگے بڑھتے ہوئے دیکھنا چاہتے ہیں۔
خیال رہے کہ چند ہفتے پہلے عالیہ بھٹ نے انسٹاگرام پر اپنے الٹرا ساؤنڈ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے شائقین کو خبر سنائی تھی کہ وہ ماں بننے والی ہیں۔
رنبیر کپور نے بتایا کہ وہ اور عالیہ بھٹ کچھ عرصے سے اس موضوع پر بات چیت کر رہے ہیں کہ وہ والدین کے فرائض کس طرح سے نبھانا چاہیں گے۔
’ہم اپنی ذمہ داریاں بانٹیں گے اور اپنا وقت بھی بانٹیں گے۔ ہم ایک ایسی نسل میں پلے بڑھے ہیں جہاں ہمارے والد کام کی وجہ سے بہت مصروف ہوتے تھے اور زیادہ تر وقت ہمارے ارد گرد بھی نہیں ہوتے تھے، تو ہماری مائیں ہی ہمیں پالتی پوستی تھیں اور یہی وجہ ہے کہ ہم اپنی ماؤں کے زیادہ قریب ہوتے ہیں۔‘
رنبیر کپور نے کہا کہ لیکن وہ نہیں چاہتے کہ ان کی اپنے بچے کے ساتھ تعلق کی نوعیت ایسی ہو بلکہ بچے ان کے بھی اتنا ہی قریب ہوں جتنا کہ عموماً ماں کے قریب ہوتے ہیں۔
رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کی شادی رواں سال اپریل میں ہوئی تھی اور دونوں ممبئی میں مقیم ہیں۔
رنبیر کپور نے عالیہ بھٹ سے متعلق کہا کہ وہ فلم انڈسٹری کی انتہائی مصروف اداکارہ ہیں اور وہ نہیں چاہتے کہ بچے کی پیدائش کی وجہ سے اپنے خوابوں کی قربانی دیں۔
’ہمیں اپنی زندگی اس طرح پلان کرنا ہوگی جو متوازن ہو اور ہم دنوں اپنی ذاتی اور پروفیشنل زندگی کو انجوائے کر سکیں۔‘
عالیہ بھٹ اپنی پہلی بالی وڈ فلم ’ہارٹ آف سٹون‘ کی شوٹنگ مکمل کر کے حال ہی میں یورپ سے واپس آئی ہیں۔
عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور ایک ساتھ فلم ’براہماسترا‘ میں نظر آئیں گے جو رواں سال ستمبر میں ریلیز ہوگی۔

شیئر: