’اچھے دن آنے والے ہیں، شہباز شریف دو دن بعد عوام کو بڑا ریلیف دیں گے‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جتنے مشکل فیصلے ہونے تھے ہو گئے اور اب اچھے دن آنے والے ہیں۔ فوٹو: سکرین گریب
مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ شہباز شریف اگلے دو دن میں عوام کو بڑا ریلیف دینے والے ہیں۔
پیر کو پنجاب میں ضمنی الیکشن کی مہم کے دوران چیچہ وطنی میں ن لیگی امیدوار نعمال لنگڑیال کے جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ ’یہ ہوتی ہے عوامی حکومت، پہلے ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔ اور پیٹرول کی قیمتیں عالمی منڈی میں نیچے آئیں تو شہباز شریف نے کہا کہ سب سے پہلے عوام کو ریلیف دوں گا۔‘
انہوں نے کہا کہ ’کیا آپ جانتے ہیں کہ شہباز شریف کو گزشتہ دنوں پیٹرول کی قیمتیں فتنہ خان کی وجہ سے بڑھانا پڑیں۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ جتنے مشکل فیصلے ہونے تھے ہو گئے اور اب اچھے دن آنے والے ہیں۔ شہباز شریف اگلے دو دنوں میں عوام کے لیے بہت بڑے ریلیف کا اعلان کرنے والے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مہنگائی ہوئی تو گھر میں چھپ کر نہیں بیٹھے بلکہ لوگوں میں آ کر بتایا کہ مشکل فیصلے کرنا پڑے ہیں۔
انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’کمال منافق شخص ہے کہ روز عوامی جلسوں سے خطاب کرتا ہے مگر مجال ہے کہ اس نے کبھی عوام کی عدالت میں کھڑے ہو کر اپنی صفائی پیش کی ہو۔ صفائی وہ پیش کرتے ہیں جن کا دامن صاف ہے۔‘
مریم نواز کا کہنا تھا کہ ’گالیاں دیتا ہے مگر چار سال حکومت میں رہ کر اپنی کارکردگی عوام کو نہیں بتا سکتا۔ ان کے چار کام، چار منصوبے نہیں عوام کو بتانے کے لیے، چار چھوڑیں ایک منصوبہ بھی نہیں جس کا بتا سکیں۔‘
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کیا تھا۔ اس کے بجائے اس کی حکومت میں ایک کروڑ افراد بے روزگار ہو گئے۔ ’کہتا تھا عوام کو 50 لاکھ گھر بنا کر دوں گا۔ کیا کسی ایک شخص کو بھی گھر ملا۔‘
مریم نواز نے کہا کہ عمران خان کا تیسرا وعدہ تھا کہ وزیراعظم ہاؤس کو یونیورسٹی بناؤں گا مگر اس نے وزیراعظم ہاؤس کو اغوا کا اڈا بنا دیا جہاں طیبہ گل کو ڈیڑھ ماہ حبس بے جا میں رکھا۔ اس نے ویڈیو لے کر نیب کے چیئرمین کو بلیک میل کیا۔
’چوتھا وعدہ 90 دن میں کرپشن ختم کرنے کا تھا مگر اس نے ملک میں کرپشن کا ایک نیا نظام متعارف کرایا۔ یہ فرح گوگی، بشریٰ پیرنی کرپشن ماڈل تھا۔ اس ماڈل میں خاتون اول نے فرنٹ وومن رکھی ہوئی تھی جو سارا پنجاب لوٹ کر کھا گئی۔‘
مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے کہا کہ فرح گوگی کا کھرا ابراہیم مانیکا کے گھر جاتا ہے اور ان سب کا کھرا بنی گالہ کو منی گالہ بنانے والوں کے گھر جاتا ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ چیچہ وطنی کا جوش و جذبہ بتا رہا ہے کہ 17 جولائی کے ضمنی الیکشن میں شیر آ رہا ہے۔