Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کا آغاز 14 جولائی سے ہوگا

ترجمان کے مطابق 12 اگست تک سرکاری اسکیم کے تمام حاجیوں کو وطن پہنچانے کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ (فوٹو: ٹوئٹر)
پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے کے بعد از حج آپریشن کا آغاز 14 جولائی جمعرات سے ہوگا۔
قومی ایئرلائن کے ترجمان کے مطابق پی آئی اے کی حجاج کرام کو وطن واپس لانے والی پہلی پرواز پی کے 732 جدہ سے کراچی کل صبح  ایک بجے پہنچے گی۔
پی آئی اے کی دوسری پرواز پی کی 739 جدہ سے لاہور 14 جولائی کی صبح دو بجے پہنچے گی۔
14  جولائی کے روز پی ائی اے کی پانچ پروازیں جدہ سے کراچی، لاہور، ملتان، اسلام آباد اور پشاور آئیں گی۔
پی آئی اے کا بعد از حج آپریشن 154 پروازوں پر مشتمل ہوگا جس کے ذریعے 28 ہزار 80 حجاج وطن واپس آئیں گے۔
ان حجاج کرام میں 17 ہزار 200 حجاج سرکاری سکیم اور 10 ہزار 8 سو 80 حجاج پرائیوٹ سکیم کے تحت روانہ ہوں گے۔
پی آئی اے کا حج آپریشن 14 جولائی سے 13 اگست تک جاری رہے گا۔
قبل ازیں وزارت مذہبی امور کے ایک ترجمان نے بتایا تھا کہ 15 جوالائی کو نجی ایئرلائن ایئربلیو کی دو پروازیں مجموعی طور پر 414 حجاج کو لے کر جدہ سے ملتان اور لاہور پہنچیں گی۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مکہ میں قائم مرکزی کنٹرول آفس کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق حج کے بعد فلائٹ آپریشن میں پی آئی اے، ایئربلیو، سرین اور سعودی ایئرلائن کی 134 پروازیں حصہ لیں گی۔
مکہ سے مدینہ منورہ کے لیے حاجیوں کی روانگی کا عمل 17جولائی کو شروع ہوگا جب کہ مدینہ سے پاکستان کے لیے پہلی پرواز 25 جولائی کو وطن واپس روانہ ہوگی۔
پوسٹ حج آپریشن کے تحت مجموعی طور پر 17000 حجاج کو مدینہ روانہ کیا جائے گا۔ جبکہ 17 ہزار حجاج کرام حج سے قبل مدینہ منورہ کی زیارت مکمل کر چکے ہیں۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ 12 اگست تک سرکاری اسکیم کے تمام حاجیوں کو وطن پہنچانے کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔

پی آئی اے حجاج کو بورڈنگ ایئرپورٹ پہنچنے سے پہلے ہی جاری کرے گا 

دوسری جانب حجاج کرام کو آسانی مہیا کرنے کے لیے وفاقی وزیر ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔ 
وزیر ہوابازی کی ہدایت پر سرکاری سکیم کے حجاج کرام کی وطن واپسی کے لیے پی آئی اے 'سٹی چیک ان' نظام کے تحت بورڈنگ ایئرپورٹ پہنچنے سے پہلے ہی جاری کردے گا۔ 
حجاج کرام کو واپسی کے سفر کے لیے 12 گھنٹے قبل ائیرپورٹ پہنچنے اور قطاروں میں لگنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ 
ترجمان کے مطابق پی آئی اے سرکاری سکیم والے حجاج کرام کو شہر میں ہی بورڈنگ جاری کردے گا جس کے بعد صرف امیگریشن ایئرپورٹ پر ہوگی۔ 
’سٹی چیک ان کا مقصد حجاج کرام کو سہولیات پہنچانا اور ایئرہورٹ پر ممکنہ رش اور لمبی قطاروں کی کوفت سے بچانا ہے۔‘

شیئر: