Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

مسجد الحرام میں زائرین کے لیے جدید سہولتیں

جراثیم کش ادویات کے اسپرے کے لیے خصوصی روبوٹس مہیا کیے گئے ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)
ادارہ امورحرمین کا اہم و بنیادی ہدف زائرین حرم کی خدمت ہے ۔ انتظامیہ کی جانب سے عصرحاضر کی جدید ٹیکنالوجی پرمبنی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جاتا ہے۔ 
 گزشتہ دوبرسوں میں جب دنیا کورونا کی وبا کی لپیٹ میں تھی ایسے میں بھی انتظامیہ حرم نے جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے زائرین کی اس وبا سے حفاظت اورانہیں آرام پہنچانے کے لیے مثالی خدمات انجام دیں۔ 
حرم شریف کوکورونا کے وائرس سے محفوظ رکھنے کے حوالے سے انتظامیہ نے جدید ترین آلات متعارف کرائے جن میں روبوٹس اور مصنوعی ذہانت کا بھی بھرپوراستعمال کیا گیا۔ 
کورونا کی وبا کے وقت مسجد الحرام میں جدید ترین آلات جو حرمین شریفین کے لیے خصوصی طورپرتیار کرائے گئے تھے فراہم کیے جن میں اوزون ٹیکنالوجی کا خصوصی استعمال کیا گیا تھا۔ 
حرم مکی الشریف کی انتظامیہ کی جانب سے زائرین کی راحت وسکون کو مقدم رکھتے ہوئے جملہ وسائل بروئے کارلائے گئے۔ خودکارسسٹم کے علاوہ افرادی قوت کا بھی بھرپور استعمال کیا گیا۔ 

 

آب زم زم کی فراہمی 

مکہ مکرمہ کی اہم ترین سوغات ’زم زم واٹر‘ ہے ۔ زم زم پلانٹ اگرچہ کورونا کے دنوں میں عارضی طورپرعوام الناس کےلیے بند کردیا گیا تھا تاہم حرم شریف میں اس مقدس پانی کی مسلسل فراہمی کےلیے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ 

کورونا کے ابتدائی ایام میں جب مسجد الحرام میں عام لوگوں کے جانے پرپابندی تھی اورانتظامیہ نے مسجد الحرام سے احتیاطی تقاضے کے تحت واٹرکولرز ہٹا لیے تھے اس دوران آب زم زم کی مسلسل فراہمی کے لیے خصوصی پلاسٹک کی بوتلوں کا انتظام کیا گیا جو زم زم واٹرپلانٹ میں تیار کی جاتی تھیں۔ 

کورونا کی وبا کے دوران مسجد الحرام میں سینیٹائزنگ کا خصوصی اہمتام کیا گیا(فوٹو، ٹوئٹر)

مسجد الحرام میں آب زم زم کی بوتلوں کی فراہمی کا سلسلہ ہنوزجاری ہے۔ ماہ رمضان المبارک میں عمرہ زائرین میں زم زم کی مسلسل فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ نے خصوصی روبوٹس کابھی اہتمام کیا جو مختلف مقامات پرگشت کرتے ہیں۔ روبوٹس میں خانے بنے  ہیں جن پرآب زم زم کی بوتلیں رکھی ہوتی ہیں۔  
انتہائی کم رفتاری سے گشت کرنے والے روبوٹس پررکھی ہوئی آب زم زم کی بوتلیں لوگ اپنی ضرورت کے مطابق اٹھا لیتے ہیں۔ انتظامیہ کی جانب سے روبوٹس کے علاوہ جدید ترین مشکیزوں کا بھی اہتمام کیا ہےجن میں پانی ٹھنڈا رہتا ہے۔  
یہ جدید ترین مشکیزے جنہیں ’واٹرکولر‘ بھی کہا جاتا ہے اس طرح سے ڈیزائن کیے گئے ہیں جسے کارکن کی کمرپرلٹکا دیا جاتا ہے۔ مشکیزوں کو اس انداز میں بنایا گیا ہے کہ اسے لٹکانے والے کو اپنی کمرپرزیادہ بوجھ بھی محسوس نہیں ہوتا۔ 
مذکورہ واٹرکولرز میں ٹھنڈا آب زمزم ہمہ وقت فراہم کیاجاتا ہے۔ کولرکے ساتھ ڈسپوزیبل کلاس بھی ہوتے ہیں جن میں مخصوص پائپ کے ذریعے آب زم زم ڈالا جاتا ہے۔ 

جراثیم کش ادویات کا اسپرے 

مسجد الحرام کی انتظامیہ نے کورونا کی وبا سے لوگوں اور حرم شریف کی فضا کو اس مہلک وائرس سے محفوظ رکھنے کے لیے مستقل بنیادوں پرسینیٹائزنگ کے عمل کویقینی بنانے کے لیے بھی روبوٹس کی سہولت فراہم کی گئی ہے جن کے ذریعے اعلی کوالٹی کی جراثیم کش ادویات کا اسپرے مستقل بنیادوں پرکیا جاتا ہے۔ 


 ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے ’اوزون‘ ٹیکنالوجی کا استعمال کیاجاتا ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

انتظامیہ نے ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے ’اوزون‘ ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے خصوصی طورپرتیار کیے گئے روبوٹس مسجد الحرام میں فراہم کیے ہیں جن کے ذریعے ہوا میں موجود مضر صحت جراثیم کا خاتمہ کرنے اور ماحول کو معطررکھنے کے لیے اعلی ترین خوشبو کا بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ 
مسجد الحرام میں جگہ جگہ سینیٹائزنگ بوتلیں نصب کی گئی ہیں جو خودکارانداز میں کام کرتی ہیں۔ سینیٹائزرکنٹینرکے نیچے ہاتھ لے جاتے ہیں کنٹینرمیں موجود سینیٹائزرمقررہ مقدار میں ہاتھ پرگرجاتا ہے۔ دیواروں پرنصب خود کارکنٹینرز کی فراہمی کا مقصد لوگوں کوجراثیم سے محفوظ رکھنا ہے تاکہ کنٹینرپرہاتھ لگائے بغیر ہی مقررہ مقدار میں سینیٹائزرحاصل کیاجاسکے۔ 

ویل چیئرز کی فراہمی 

معمر اور بیمار عازمین حج کے لیے فراہم کی گئی ویل چیئرز کی سہولت بھی انتظامیہ کی جانب سے فراہم کی گئی ہے جو حرم شریف کے باہر موجود صحنوں کے مختلف مقامات پردستیاب ہوتی ہیں۔ 

ویل چیئرز حاصل کرنے کا سب سے بڑا پوائنٹ ’کوہ صفا‘ کی جانب ہے جہاں وہیل چیئرحاصل کرنے کےلیے نام ، موبائل نمبر درج کرانا ضروری ہوتا ہے۔ 
انتظامیہ کی جانب سے مجموعی طورپر8 ہزار سے زائد ویل چیئرز کی سہولت فراہم کی گئی ہے جن میں سے 5 ہزار سادی ہیں جبکہ 3 ہزار سے زائد چارجنگ وہیل چیئرز ہیں۔ 

ضرورت مندوں کےلیے 8 ہزارویل چیئرز فراہم کی گئی ہیں(فوٹو، ٹوئٹر) 

الیکٹرانک وہیل چیئرز میں سنگل اورڈبل بھی ہیں تاکہ دوفراد بھی اسے استعمال کرسکیں۔ چارجنگ والی ویل چیئرز کا کرایہ مقرر ہے جبکہ سادی مفت حاصل کی جاسکتی ہے۔ 
مسعی (صفا مروہ کے درمیان راستہ) میں ویل چیئرز کے لیے خصوصی ٹریکس ہیں جن کی نگرانی کے لیے 180 سپروائزربھی تعینات کیے گئے ہیں جن کی ذمہ داری ہے کہ وہ ویل چیئرز کے راستے کو کھلا رکھیں تاکہ عام لوگ یہاں سے سعی نہ کریں۔ 
انتظامیہ کی جانب سے کورونا کی وبا کے پیش نظروہیل چیئرز کومستقل بنیادوں پرسینیٹائزکرنے کا خصوصی اہتمام کیا ہےاس ضمن میں دسیوں کارکنوں کی ذمہ داریاں یہاں لگائی جاتی ہیں جو مستقل بنیادوں پروہیل چیئزرپرجراثیم کش ادویات کا اسپرے کرتے ہیں۔ 

گالف گاڑیاں 

مسجد الحرام کے چاروں سمت موجود بیرونی صحن کافی بڑا ہے جبکہ گاڑیوں کے اسٹینڈ سے مسجد الحرام کے بیرونی صحن تک آنے کےلیے حجاج وزائرین کو کافی فاصلہ طے کرنا پڑتا ہے۔ 

معمر اور بیمار افراد کی سہولت کےلیے انتظامیہ نے مخصوص راستے پرشٹل سروس کا اہتمام کیا ہے جس کے لیے بیٹری سے چلنے والی گالف گاڑیاں فراہم کی گئی ہیں۔ 
گالف گاڑیوں کے ذریعے معمریا بیمار افراد کو بس اسٹینڈ سے حرم شریف کےبیرونی صحن تک پہنچایا جاتا ہے جس سے معمرزائرین وعازمین حج کو کافی سہولت ہوجاتی ہے۔ 
گالف گاڑیوں کی سروس اس لیے فراہم کی جاتی ہے کہ یہ بیٹری سے چلتی ہیں جس کے باعث یہ ماحول دوست ہوتی ہیں اورانہیں باسانی ازدحام والے مقامات پربھی استعمال کیاجاسکتا ہے۔ 

آب زم زم کی بوتلیں مسلسل زائرین کو فراہم کی جاتی ہیں(فوٹو، ٹوئٹر)

گالف گاڑیوں کی سہولت 24 گھنٹے کی بنیاد پرفراہم کی جاتی ہے انہیں چلانے کے لیے عملہ بھی مختلف شفٹوں میں کام کرتا ہے جومسجد الحرام کے باہربس اسٹینڈ سے ضرورت مند عازمین کو حرم شریف کے بیرونی صحن تک بلا معاوضہ پہنچاتے ہیں۔ 

جذبہ خدمت سے سرشار ’رضاکار‘ 

ایام حج اور رمضان المبارک میں مکہ مکرمہ کے علاوہ مختلف شہروں سےرضاکاروں کے یونٹس جذبہ خدمت کے تحت مسجد الحرام میں آتے ہیں جو عازمین حج وعمرہ زائرین کی رہنمائی ہی نہیں کرتے بلکہ ان کی ہرطرح مدد بھی کرتے ہیں۔ 

مسجد الحرام میں ’آپ کی خدمت میں ‘ کے عنوان سے رضاکاروں کے مختلف یونٹس تعینات ہوتے ہیں جومعمرافراد کو ویل چیئرچلانے کی خدمت بھی فراہم کرتے ہیں۔ 
ایسے زائرین یا عازمین حج جو چلنے میں دشواری محسوس کریں اور وہ تنہا بھی ہوں ایسے میں یہ رضاکار محض جذبہ خدمت اور حصول رضائے الہی کے لیے اپنی خدمات پیش کرتے ہیں اورزائرین کوبلا کسی معاوضہ کے طواف اورسعی کراتے ہیں۔ 

 عمرہ وحج سیزن میں رضاکارزائرین کی خدمت کے لیے موجود ہوتے ہیں

گزشتہ برس ویل چیئرکی خدمت فراہم کرنے کے لیے 200 رضاکاروں نے خود کو رجسٹرکرایا تھا۔ رضاکاروں کی ڈیوٹیاں مختلف اوقات میں لگائی جاتی ہیں تاکہ وہ تازہ دم ہوں اور کسی قسم کی دشواری محسوس نہ کریں۔ 
رضاکاروں کے علاوہ حج سیزن میں مملکت کے مختلف تعلیمی اداروں سے اسکاوٹس بھی ضیوف الرحمان کی خدمت کو اپنے لیے باعث فخر قراردیتے ہوئے اجروثواب کے لیے آتے ہیں جو انتہائی خوش اخلاقی سے حجاج کرام کی ہرطرح رہنمائی ومدد میں انتہائی معاون ثابت ہوتے ہیں۔ 

رہنمائے حجاج  

حجاج کرام اور زائرین کو دینی مسائل سے آگاہ کرنے کے لیے ادارہ امورحرمین شریفین کیجانب سے مثالی خدمات انجام دی جارہی ہیں جن کے تحت اردوسمیت مختلف زبانوں کے ماہرین علوم دینیہ کی سہولت فراہم کی گئی ہے جن کے کیبنز حرم شریف کے بیرونی صحنوں میں مختلف مقامات پرنصب ہیں 


حجاج وزائرین کی ہرطرح سے رہنمائی کی جاتی ہے(فوٹو، ٹوئٹر)

کیبنز کے علاوہ ادارے کی جانب سے حال ہی میں ڈیجیٹل اسکرینز پرمشتمل روبوٹس کی سہولت فراہم کی گئی ہے جن کے ذریعے حرم شریف کے اندر موجود عازمین اورزائرین اپنے مطلوبہ مسائل کے حوالے سے دینی معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ ڈیجیٹل اسکرینز کی یہ خاصیت ہے کہ اس میں انتہائی حساس نوعیت کے سینسرز نصب ہیں جو فوری طورپراپنے سامنے موجود شخص کی شناخت کرتے ہی رک جاتے ہیں اور وہ شخص اپنی مطلوبہ زبان کا انتخاب کرکے براہ راست مسائل دریافت کرسکتا ہے۔ 
علاوہ ازیں انتظامیہ کی جانب سے اردوسمیت متعدد زبانوں میں لیٹریچرز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جو ہینڈبلز اورکتابچے کی صورت میں تقسیم کیے جاتے ہیں جن پرعمرہ وحج کے مسائل واحکامات درج ہوتے ہیں۔

شیئر: