Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

سعودی عرب اور امریکہ میں سرمایہ کاروں کے لیے زبردست مواقع ہیں: الجدعان

امریکی سرمایہ کاروں کی سعودی مارکیٹ میں دلچسپی نظر آرہی ہے۔ (فوٹو عاجل)
سعودی وزیر خزانہ  محمد الجدعان نے کہا ہے کہ سعودی عرب اور امریکہ میں سرمایہ کاروں کے لیے زبردست مواقع ہیں۔ ہمارا مالیاتی نظام غیرملکیوں کو متعدد سہولتیں دے رہا ہے۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ’ایس پی اے‘ کے مطابق الجدعان نے کہا کہ سعودی عرب میں غیرملکی سرمایہ کاروں کے لیے نمایاں ترین سہولت  مالیاتی ٹیکنالوجی کی حکمت عملی ہے۔
الجدعان نے توجہ دلائی کہ امریکی صدر جوزف بائیڈن نے عرب ممالک میں سب سے پہلے سعودی عرب کا دورہ کرکے یہ پیغام دیا ہے کہ امریکی قیادت مملکت کو غیرمعمولی اہمیت دیتی ہے۔ دونوں کے تاریخی تعلقات ہیں اور نو عشروں سے زیادہ عرصے سے مملکت اور امریکہ کے درمیان منفرد سٹراٹیجک شراکت قائم ہے۔
الجدعان نے کہا کہ امریکی صدر کا دورہ سعودی عرب اس بات کا پتہ دے رہا ہے کہ سعودی معاشی منظر نامے میں روزبروز بہتری اور ترقی ہورہی ہے اور سعودی قیادت عالمی معیشت کو متحرک کرنے میں اہم کردارادا کررہی ہے۔ عالمی برادری اسے قدرو منزلت کی نظر سے دیکھ رہی ہے۔
سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ سعودی امریکی اقتصادی تعلقات بڑے گہرے ہیں۔ ان کی شروعات  1930 میں ہوئی تھی۔ اس کی بدولت دونوں ملکوں کے درمیان بہت سارے مشترکہ منصوبے شروع ہوئے۔ فریقین نے متعدد معاہدے کیے۔ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے۔
سعودی وزیر خزانہ نے کہا کہ سٹراٹیجک شراکت اور مشترکہ مفادات کے  ماحول میں دونوں ملکوں کے درمیان تعاون کا فروغ بینکنگ اور مالیاتی تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کی کوشش توجہ طلب ہے۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ مملکت اور امریکہ  میں سرمایہ کاروں کے لیے زبردست مواقع ہیں۔ ان سے مالیاتی خدمات اور تجارت میں تعاون کو فروغ ملے گا۔
وزیر خزانہ نے کہاکہ سعودی مالیاتی مارکیٹ کی ایم ایس سی آئی گراف  اور  FTSE RUSSELL اور S&P میں شمولیت سعودی وژن  2030 کے تیز رفتار اقدامات کا نتیجہ ہے۔ یہ اس بات کا بھی پتہ دیتا ہے کہ ہمارے مالیاتی شعبے نے بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ اس کا عکس عموما غیرملکی سرمایہ  کاروں اور خصوصا امریکی سرمایہ کاروں کی سعودی مارکیٹ میں دلچسپی اور حصہ داری کی صورت میں نظر آرہا ہے۔
 
واٹس ایپ پر سعودی عرب کی خبروں کے لیے اردو نیوز گروپ جوائن کریں

شیئر: