بدھ سے مون سون کا تیسرا سپیل، کن علاقوں میں زیادہ بارشیں؟
پیر 18 جولائی 2022 12:48
ذیشان نیاز -اردو نیوز اسلام آباد
گزشتہ 30 برس کے اوسط اعداد و شمار کے مطابق ان 18 دنوں میں 200 فیصد زیادہ بارشیں ہوئی ہیں۔ (سندھ حکومت)
پاکستان میں محکمہ موسمیات نے بدھ سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے کی پیشگوئی کی ہے تاہم بٖڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا ہے۔
پیر کو کراچی کے چیف میٹریالوجسٹ سردار سرفراز نے اردو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’پاکستان میں بدھ سے مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے جا رہا ہے۔‘
’بالائی سندھ اور بلوچستان میں موسلا دھار بارشیں ہوں گی جبکہ سوموار اور منگل کو ملک کے بیشترعلاقوں موسم خشک رہنے کے ساتھ درجہ حرارت میں اضافے کا امکان ہے۔‘
سردار سرفراز کے مطابق ’مون سون بارشوں کا تیسرا سپیل 20 جولائی کی رات سے شروع ہوگا جو کہ 28 جولائی تک شمال کی جانب پھیلتے ہوئے دوبارہ سندھ کی طرف آجائے گا۔‘
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب اور سندھ میں معمول سے زیادہ بارشیں ہونے کا امکان ہے جبکہ پاکستان کے بالائی علاقوں میں درجہ حرارت میں اضافہ ہوگا۔
موسلا دھار بارشوں کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں سیلابی صورتحال ہو سکتی ہے جبکہ پنجاب سندھ اور خیبر پختونخوا کے بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ہے۔
سردار سرفرازکا مزید کہنا تھا کہ ’یکم محرم سے تین تک سندھ کے کچھ علاقوں میں جبکہ لاہور گوجرانولہ، فیصل آباد کے ساتھ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بارشیں ہوں گی۔‘