نومولود بچے کو فروخت کرنے والی روسی خاتون گرفتار
پیدائش کے چند دن بعد خاتون نے بچے کو ایک مقامی جوڑے کو فروخت کر دیا تھا۔ (فوٹو: پکس فیول)
روس میں پولیس نے نومولود بچے کو فروخت کرنے والی ایک خاتون کو گرفتار کیا ہے۔
روزنامہ ڈیلی سٹار کے مطابق خاتون ناک کی پلاسٹک سرجری کروانے کے لیے اپنے پانچ دن کے بچے کو تقریباً ساڑھے تین ہزار ڈالر کے عوض فروخت کیا۔
33 برس کی خاتون کی شناخت ظاہر کیے بغیر بتایا گیا ہے کہ اس نے 25 اپریل کو ایک بچے کو جنم دیا۔ بچے کی پیدائش کے پانچ دن بعد اس کو ایک مقامی جوڑے کو فروخت کر دیا جو والدین بننے کا خواہاں تھا۔
مئی میں پولیس نے انسانی سمگلنگ کے شبہ میں خاتون کو گرفتار کیا جبکہ جوڑے کو بھی حراست میں لیا گیا تھا۔
حکام کے مطابق خاتون نے جنوبی شہر کاسپسک کے ہسپتال میں بچے کو جنم دیا تھا۔ اس نے بعد میں 3200 ڈالر کے عوض اپنے بیٹے کو ایک مقامی جوڑے کو فروخت کر دیا تھا۔
گرفتاری کے بعد جوڑے نے پولیس کو بتایا کہ 33 برس کی خاتون نے ان کو بچہ اور اس کی پیدائش کا سرٹیفیکیٹ بھی دیا۔
جوڑے نے بچے کو لینے کے لیے براہ راست ادائیگی سے انکار کیا تھا۔
انہوں نے مبینہ طور پر انکشاف کیا کہ بچے کی والدہ نے ناک کی سرجری کے لیے صرف تین ہزار دو سو ڈالر مانگے تھے تاکہ وہ صحیح سے سانس لے سکیں۔ اس لیے انہوں نے خوشی سے ادائیگی کی۔
حکام نے کہا ہے کہ 33 برس کی خاتون کے خلاف تحقیقات کر رہے ہیں۔
پولیس حکام نے یہ نہیں بتایا کہ اس وقت نوزائیدہ بچے کی دیکھ بھال کون کر رہا ہے۔