Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

امارات کی فرانس کو ایندھن فراہم کرنے کی پیشکش

فرانس متحدہ عرب امارات میں اہم غیر ملکی سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔ فوٹو عرب نیوز
متحدہ عرب امارات نے گذشتہ روز پیر کو فرانس کو ڈیزل تیل فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے، خدشہ ہے کہ یوکرین پر حملے کے باعث مغربی پابندیوں کے جواب میں روس  یورپ کو گیس کی سپلائی روک سکتا ہے۔
عرب نیوز کے مطابق یہ نیا اقدام پیرس میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان ہونے والی بات چیت کے بعد  اٹھایا گیا ہے۔

دونوں ممالک نے توانائی کے شعبے میں تعاون کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ فوٹو ٹوئٹر

اماراتی صدر شیخ محمد بن زید نے کہا کہ  متحدہ عرب امارات تمام لوگوں خاص طور پر فرانس کے لیے توانائی کے تحفظ کی حمایت کے لیے پرعزم ہےاور توانائی میں تعاون ہمارے لیے اہم ہے۔
واضح رہے کہ مئی میں اقتدار سنبھالنے کے بعد  امارات کے صدر شیخ محمد بن زید خلیجی خطے سے باہر اپنے پہلے سرکاری دورے پر پیر کے روز پیرس پہنچے تھے۔
امارات کی ریاستی خبر رساں ایجنسی وام  نے رپورٹ میں کہا ہے کہ اماراتی صدر شیخ محمد بن زید کا پیرس کے ایلیسی پیلس میں ایک سرکاری تقریب میں شاندار استقبال کیا گیا۔
فرانسیسی صدر میکرون سے ملاقات کے دوران مستقبل میں توانائی کی ضروریات، موسمیاتی تبدیلی اور جدید ٹیکنالوجی کے علاوہ علاقائی سلامتی و استحکام کو تقویت دینے کی کوششوں کے شعبوں میں مشترکہ کارروائی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دونوں ممالک کے حکام کی جانب سے توانائی کے شعبے میں تعاون کے لیے ایک وسیع تر سٹریٹجک کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے ہیں۔

متحدہ عرب امارات 40 سال سے مشرق بعید کو تیل فروخت کر رہا ہے۔ فوٹو ٹوئٹر

فرانسیسی حکام نے کہا کہ اس شراکت داری کا مقصد فرانس، متحدہ عرب امارات ہائیڈروجن اور جوہری توانائی کے قابل تجدید شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبوں کی نشاندہی کرنا ہے۔
متحدہ عرب امارات کے صدارتی سفارتی مشیر انور قرقاش نے کہا کہ ہم نے 40 سال سے مشرق بعید کو تیل فروخت کیا ہےاور اب بحران کے اس وقت میں یورپ کی جانب لے جا رہے ہیں۔ ہمارا ملک ایک قابل اعتماد شراکت دار اور توانائی کا ذریعہ بنے رہنے کے لیے پرعزم ہے۔
اماراتی صدرکے مشیر نے کہا ہے کہ توانائی کی موجودہ غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں یہ معاہدہ تعاون کے لیے مستحکم  اور طویل مدتی فریم ورک کی راہ ہموار کرے گا جو  نئے صنعتی معاہدوں کے لیے بھی راستہ کھولے گا۔
واضح رہے کہ فرانس متحدہ عرب امارات میں اہم غیر ملکی سرمایہ کاروں میں سے ایک ہے۔ 2020 کے آخر تک متحدہ عرب امارات میں فرانسیسیوں کی براہ راست سرمایہ کاری 2.5 بلین یورو تھی جبکہ متحدہ عرب امارات فرانس میں غیر ملکی سرمایہ کاروں کی فہرست میں 35 ویں نمبر پر ہے۔

شیئر: