Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حمزہ شہباز شریف نے وزیراعلٰی پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا

گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے حلف لیا۔ (فوٹو: پی ایم ایل این)
حمزہ شہباز شریف نے دوسری مرتبہ وزیراعلٰی پنجاب کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔
سنیچر کو گورنر ہاؤس میں ہونے والی تقریب میں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف سے حلف لیا۔
تقریب حلف برداری میں ارکان اسمبلی، اتحادی جماعتوں اور نمایاں شخصیات نے شرکت کی۔
حمزہ شہباز نے 30 اپریل کو بھی وزیراعلٰی کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا۔
جمعے کو ن لیگ کے امیدوار حمزہ شہباز شریف پنجاب کے وزیراعلٰی منتخب ہوئے تھے۔ 
ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے پاکستان مسلم لیگ ق کے 10 ووٹ مسترد کرتے ہوئے حمزہ شہباز کو وزیر اعلٰی برقرار رکھنے کی رولنگ دی تھی۔
واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین نے اپنے ارکان اسمبلی کو اپنی ہی جماعت کے رکن پرویز الٰہی کو ووٹ نہ دینے کی ہدایت کی تھی۔ پرویز الٰہی پنجاب اسمبلی میں وزارت اعلٰی کے لیے تحریک انصاف کے حمایت یافتہ امیدوار تھے۔  
حلف اٹھانے کے بعد نو منتخب وزیراعلٰی پنجاب سابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ ق کے صدر چوہدری شجاعت حسین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے اپنا کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق نے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے خلاف عدالت عظمیٰ سے رجوع کیا تھا۔
جمعے کی رات گئے پرویز الٰہی کی جانب سے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کے خلاف سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کردی گئی تھی۔
حلف برداری کے بعد پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ’جس جلدی میں حلف لیا گیا اس سے اندازہ ہوتا ہے کہ خود حمزہ کو بھی رولنگ کے غلط ہونے کا یقین ہے۔‘
 

شیئر: