Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حکمراں اتحاد کا وزیراعلٰی پنجاب کے معاملے پر فل کورٹ بنانے کا مطالبہ

حکمراں اتحاد کے اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان بار بار سیاست میں انتشار پیدا کر رہے ہیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)
حکومت میں شامل اتحادی جماعتوں نے وزیراعلٰی پنجاب سے متعلق مقدمے کی سماعت کے لیے فل کورٹ بنانے کا مطالبہ کر دیا ہے۔
سنیچر کو اتحادی جماعتوں نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں چیف جسٹس پاکستان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ سماعت فل کورٹ سے کرائی جائے۔
اعلامیہ کے مطابق ’قرین انصاف ہوگا کہ عدالت عظمٰی کے تمام معزز جج صاحبان پر مشتمل فل کورٹ، سپریم کورٹ بار کی نظرِ ثانی درخواست، موجودہ درخواست اور دیگر متعلقہ درخواستوں کو ایک ساتھ سماعت کے لیے مقرر کرکے اس پر فیصلہ صادر کرے کیونکہ یہ بہت اہم قومی، سیاسی اور آئینی معاملات ہیں۔‘
مشترکہ اعلامیہ میں یہ کہا گیا ہے کہ ’عمران خان بار بار سیاست میں انتشار پیدا کر رہے ہیں، جس کا مقصد احتساب سے بچنا، اپنی کرپشن چھپانا اور چور دروازے سے اقتدار حاصل کرنا ہے۔‘  
اپنے مطالبے پر زور دیتے ہوئے اتحادی جماعتوں نے موقف اپنایا ہے کہ ’آئین نے مقننہ، عدلیہ اور انتظامیہ میں اختیارات کی واضح لکیر کھینچی ہوئی ہے جسے ایک متکبر آئین شکن فسطائیت کا پیکر مٹانے کی کوشش کر رہا ہے۔ یہ دراصل پاکستان کے آئین، عوام کے حق حکمرانی اور جمہوری نظام کو بھی معیشت کی طرح دیوالیہ کرانا چاہتا ہے۔ یہ سوچ اور رویہ پاکستان کے ریاستی نظام کے لیے دیمک بن چکا ہے۔‘ 
متن کے مطابق ’حکمران اتحاد میں شامل جماعتیں اس عزم کا واشگاف اعادہ کرتی ہیں کہ آئین، جمہوریت اور عوام کے حقِ حکمرانی پر ہر گز کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، ہر فورم اور ہر میدان میں تمام اتحادی جماعتیں مل کر آگے بڑھیں گی اور فسطائیت کے سیاہ اندھیروں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گی۔‘

شیئر: