Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

گال ٹیسٹ: سری لنکا کو 323 رنز کی برتری حاصل ہوگئی

سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کا کھیل خراب روشنی کے باعث مقررہ وقت سے پہلے ختم ہوگیا ہے۔
منگل کو ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے اختتام پر سری لنکا نے پانچ وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز بنا لیے  تھے اور اس طرح  سری لنکا کو پاکستان پر 323 رنز کی برتری حاصل ہے۔
سری لنکا کی جانب سے دوسری اننگز میں انجیلو میتھوز 35 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ کپتان دیموتھ کرونارتنے 27 اور دھننجایا ڈی سلوا 30 رنز بنا کر وکٹ پر موجود ہیں۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے دو، جبکہ یاسر شاہ، محمد نواز اور آغا سلمان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل پاکستان کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 231 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی اور پہلی اننگز میں سری لنکا نے 147 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔
ٹیسٹ میچ کے تیسرے دن کے آغاز پر سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز دوبارہ شروع کی تو نروشن ڈیکویلا 115 رنز بنا کر نسیم شاہ کی گیند پر محمد رضوان کو کیچ تھما بیٹھے۔
اوشادا فرنینڈو بھی کچھ خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 19 رنز بنا کر یاسر شاہ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔
کھیل کے تیسرے دن پاکستان نے سات وکٹوں کے نقصان پر 191 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا۔ یاسر شاہ اور حسن علی نے سکور کو تھوڑا آگے بڑھایا ہی تھا کہ جے سوریا نے حسن علی کو بولڈ کر دیا۔ ان کے بعد آنے والے نعمان علی بھی کچھ خاص نہ کر سکے اور ایک رن بنا کر رمیش مینڈس کی گیند پر کیچ آؤٹ ہو گئے۔
گرین شرٹس کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی یاسر شاہ تھے وہ 26 رنز بنا کر رمیش مینڈس کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئے۔
پاکستان کی جانب سے آغا سلمان 62 اور امام الحق 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
سری لنکا کی جانب سے رمیش مینڈس نے پانچ اور پرباتھ جے سوریا نے تین وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے سری لنکا نے اپنی پہلی اننگز میں 378 رنز بنائے تھے۔ دنییش چندی مل نے 80 اور اوشادا فرنینڈو نے 50 رنز بنائے تھے۔
پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور یاسر شاہ نے تین، تین وکٹیں حاصل کیں۔

شیئر: