Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان بمقابلہ سری لنکا، ٹیم میں کون کون شامل؟

پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو ہرایا تھا۔ فوٹو: اے ایف پی
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری دو ٹیسٹ میچز کی سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ اتوار کے روز سری لنکا کے شہر گال میں کھیلا جائے گا۔
اسی سلسلے میں پاکستان کی کرکٹ ٹیم نے جمعے کے روز گال کرکٹ سٹیڈیم میں پریکٹس سیشن بھی کیا۔
دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستانی ٹیم میں کچھ تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی گھٹنے کی انجری کے باعث دوسرے میچ سے باہر ہو گئے تھے، ان کی جگہ حارث رؤف یا فہیم اشرف کو کھلائے جانے کا امکان ہے۔
جبکہ بیٹنگ آرڈر میں اظہر علی کی جگہ شان مسعود اور آغا سلمان کی جگہ فواد عالم کو کھلایا جاسکتا ہے۔
گال کے کرکٹ گراؤنڈ کی پچ کو دیکھتے ہوئے فاسٹ بولر نسیم شاہ کی جگہ سپنر نعمان علی کو کھلائے جانے کا بھی امکان ہے۔
دوسری جانب سری لنکن سپنر مہیش تھیکشانا انگلی میں زخم کے باعث ٹیم سے باہر ہوگئے ہیں۔
مہیش تھیکشانا کی جگہ لکشیتھا مانا سنگھے کو کھلایا جائے گا جبکہ اوپننگ بیٹس مین پاتھم نشانکا بھی کورونا وائرس سے ٹھیک ہوکر سکواڈ میں واپس آگئے ہیں۔
ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2023 کے فائنل تک رسائی کے لیے یہ ٹیسٹ میچ جیتنا پاکستانی ٹیم کے لیے انتہائی اہم ہے۔

سیریز کا آخری میچ سری لنکا کے شہر گال میں کھیلا جائے گا۔ فوٹو: اے ایف پی

آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے پوائٹس ٹیبل پر پاکستان 58.33 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے جبکہ سری لنکا فائنل کی دوڑ سے باہر ہے۔
پاکستانی ٹیم کی ممکنہ پلیئنگ الیون میں امام الحق، عبد اللہ شفیق، شان مسعود، بابر اعظم، محمد رضوان، فواد عالم، محمد نواز، حسن علی، یاسر شاہ، حارث رؤف اور نعمان علی شامل ہیں۔
خیال رہے کہ سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے سری لنکا کو 4 وکٹوں سے ہرایا تھا۔
پاکستان اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ اتوار کے روز پاکستانی وقت کے مطابق صبح 9:30 بجے کھیلا جائے گا۔

شیئر: