یمنی سیامی بچیوں کا آپریشن جمعرات کو ہوگا
توقع ہے کہ آپریشن 11 گھنٹےتک جاری رہے گا جس کے 6 مراحل ہوں گے (فوٹو: ایس پی اے)
خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز کے حکم پر جمعرات کو یمنی سیامی بچیوں مودۃ اور رحمہ کا کنگ عبدالعزیز میڈیکل سٹی کے ماتحت کنگ عبداللہ سپیشلسٹ ہسپتال میں آپریشن ہو گا۔
ایس پی اے کے مطابق ایوان شاہی کے مشیر اور میڈیکل ٹیم کے سربراہ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے توقع ظاہر کی ہے کہ مودۃ اور رحمہ کا آپریشن تقریباً 11 گھنٹے جاری رہے گا اور یہ چھ مراحل میں ہو گا۔
18 ڈاکٹر اور ماہرین اس آپریشن میں حصہ لیں گے۔ اس میں ٹیکنیکل عملہ اور نرسیں بھی شامل ہوں گی۔
الربیعہ نے کہا کہ مودۃ اور رحمہ یمنی سیامی بچیاں ہیں۔ دونوں کے سینے کا نچلا حصہ اور پیٹ ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔ معائنے سے یہ بات معلوم ہوئی ہے کہ آنتیں اور دیگر اعضا دونوں کے مشترک ہیں۔
ڈاکٹر الربیعہ نے کہا کہ وہ اپنی اور میڈیکل ٹیم کی جانب سے یمنی بچیوں کے آپریشن کے حکم پر خادم حرمین شریفین اور ولی عہد کے شکر گزار ہیں۔ مملکت انسانیت نواز پیغام کے تحت دنیا بھر میں سیامی بچوں اور بچیوں کو ایک دوسرے سے علیحدہ کرنے والے آپریشن مفت کر رہی ہے۔