ڈالر باہر جانے سے روکنے کے لیے ایمرجنسی لگانی چاہیے: عمران خان
عمران خان نے جمعرات کو الیکشن کمیشن کے سامنے پرامن احتجاج کا بھی اعلان کیا۔ (فوٹو: سکرین گریب)
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ڈالر باہر جانے سے روکنے کے لیے ایمرجنسی لگانی چاہیے۔
پیر کو پی ٹی آئی کے نیشنل کونسل اجلاس سے خطاب میں سابق وزیراعظم اور پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ پاکستان میں روپے کی قدر میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے۔
’اس وقت ہمیں ملک میں ایمرجنسی لگا دینی چاہیے کہ ڈالر پاکستان میں رکھنا ہے۔‘
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہمارے حکمرانوں کا پیسہ بیرون ملک ہے اور اقتدار یہاں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’اس وقت ہمیں تمام پاکستانیوں کو کہنا چاہیے کہ ملک کے باہر سرمایہ کاری نہ کریں۔‘
عمران خان نے کہا کہ جن کا سب کچھ پاکستان میں نہ ہو ان کو قیادت کی اجازت نہیں دینی چاہیے۔
چیئرمین تحریک انصاف نے جمعرات کو الیکشن کمیشن کے سامنے پرامن احتجاج کا بھی اعلان کیا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت گرانے کے لیے مہنگائی کا بہانہ بنایا گیا۔ ان کا حکومت میں آنے کا مقصد صرف این آر او لینا تھا۔
’ اقتدار میں آنے سے قبل ان کے پاس معیشت ٹھیک کرنے کے لیے کوئی لائحہ عمل نہیں تھا۔‘
انہوں نے کہا کہ اقتدار میں آنے سے قبل ان کے پاس معیشت ٹھیک کرنے کے لیے کوئی لائحہ عمل نہیں تھا۔
’دنیا میں پاکستان چوتھے نمبر پر ہے جو دیوالیہ ہونے والا ہے۔‘
ان کا کہنا تھا کہ معیشت کا حال یہ ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ امریکہ مدد کے لیے فون کر رہے ہیں۔
’آج آرمی چیف امریکیوں کو کال کر رہے ہیں کہ آئی ایم ایف سے سفارش کر کے پیسے دلوا دیں۔ آپ سوچیں کہ ملک کا کیا حال ہے۔‘
’اگر حکومت کے اندر یہ حالات ہیں، حکومت کی ساکھ اتنی نیچے چلی گئی ہے کہ ان کو آرمی چیف کو کہنا پڑ رہا ہے کہ ٹیلی فون کریں۔‘