پاکستان کے صوبہ پنجاب کی اپوزیشن جماعت مسلم لیگ ن نے صوبائی اسمبلی میں ایک قرارداد جمع کروائی ہے جس میں تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
پیر کو اسمبلی میں جمع کروائی گئی قرارداد کے مندرجات کے مطابق ’پارلیمان سے نکالے گئے شخص کا وزیراعلٰی کی کرسی پر بیٹھنا، وزیراعلٰی کے عہدے کی توہین ہے۔‘
’ایک مسترد شدہ شخص نے وزیراعلٰی کی کرسی کی توہین کی ہے۔ یہ ایوان عمران خان معافی مانگنے کا مطالبہ کرتا ہے۔‘
مزید پڑھیں
-
جب عمران خان لندن عدالت میں ہرجانے کا ہارا ہوا مقدمہ جیت گئےNode ID: 689101
قرارداد کے متن میں وزیراعلٰی کی کرسی پر بیٹھنے کے اس عمل کو پنجاب کے ’12 کروڑ عوام کی توہین‘ بھی بتایا گیا ہے۔
یہ قرار داد مسلم لیگ ن کی رکن اسمبلی سعدیہ تیمور کی طرف سے پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروائی گئی ہے۔
سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان گزشتہ روز لاہور پہنچے تھے اور وزیراعلٰی پرویز الٰہی نے ان کا ایوان وزیراعلٰی میں استقبال کیا تھا۔
حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو فوٹیج میں دیکھ جا سکتا ہے کہ عمران خان وزیراعلٰی کی کرسی پر براجمان ہیں جبکہ وزیراعلٰی پرویز الٰہی اور ان کے صاحب زادے مونس الٰہی ان کے سامنے بیٹھے ہیں۔
