Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

چین کی دھمکیوں کے باوجود نینسی پلوسی تائیوان پہنچ گئیں

نینسی پلوسی ایشیا کے چار ممالک کے دورے پر ہیں۔(فوٹو: اے ایف پی)
امریکہ کے ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی چین کی وارننگ کو نظر انداز کرتے ہوئے تائیون کے دارالحکومت تائی پے پہنچ گئیں۔
 خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نینسی پلوسی منگل کی شام کو تائیوان پہنچی ہیں۔ چین نے امریکی عہدیدار کے دورہ تائیوان پر سخت ردعمل دیا ہے۔
اپنے منصب کے لحاظ سے نینسی پلوسی صدر کے بعد امریکہ کی اعلیٰ ترین عہدیدار ہیں۔ گذشتہ 25 برسوں کے دوران کسی بھی اعلیٰ امریکی عہدیدار کا یہ پہلا دورہ تائیوان ہے۔
چین نے کہا ہے کہ نینسی پلوسی کی تائیوان میں موجودگی امریکہ کی جانب سے ’بڑا اشتعال انگیز‘ اقدام ہے۔
ٹی وی پر دکھائے جانے والے مناظر کے مطابق 82 سالہ امریکی رکن اسمبلی کا استقبال تائیوان کے وزیرخارجہ جوزف وو نے کیا۔
پلوسی کے تائیوان پہنچنے سے چند لمحے قبل چین کے سرکاری ذرائع ابلاع نے خبر دی کہ چین کے جدید ترین ایس یو 35 لڑاکا طیارے آبنائے تائیون کو عبور کر رہے ہیں۔ تاہم ان رپورٹوں میں یہ نہیں بتایا گیا کہ لڑاکے طیارے کس مخصوص علاقے کو عبور کر رہے ہیں۔ 
قبل ازیں چین نے خبردار کیا تھا کہ اگر امریکہ کے ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو ’ہماری فوج ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی نہیں رہے گی۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق چینی حکومت کی جانب سے یہ تازہ ترین دھمکی پیر کو وزارت خارجہ کی بریفنگ میں دی گئی تھی۔
وزارت خارجہ کے ترجمان زاؤ لیجین کا کہنا تھا کہ اعلیٰ امریکی حکومتی عہدیدار کا تائیوان کا دورہ زبردست سیاسی اثرات مرتب کرے گا۔ 
خیال رہے چین تائیوان پر اپنی ملکیت کا دعوٰی رکھتا ہے۔
امریکی ایوان نمائندگان کی سپیکر نینسی پلوسی ایشیا کے چار ممالک کے دورے پر ہیں۔

شیئر: