جدہ میں خوانچہ فروشوں کے خلاف کارروائیاں
تفتیشی ٹیموں نے خوانچہ فروشوں سے 3 ٹن پھل اورسبزیاں ضبط کرلیں(فوٹو، ٹوئٹر)
جدہ کی المطار بلدیاتی کونسل نے خوانچہ فروشوں کے خلاف مہم تیز کردی ہے۔ تفتیشی ٹیموں نے مختلف مقامات پرکی جانے والی کارروائیوں کے دوران3 ٹن پھل ضبط کرلیے۔
عاجل ویب سائٹ کے مطابق بلدیاتی کونسل کے چیئرمین فہد الزہرانی نے بتایا کہ انسپکٹرز پر مشتمل ایک ٹیم تشکیل دی گئی ہے جسے بلدیاتی کونسل کے دائرے میں گھوم پھر کر پھل اور سبزیاں فروخت کرنے والے کے خلاف کارروائی کا ٹاسک دیا گیا ہے۔
ٹیموں کویہ ذمہ داری تفویض کی گئی ہے کہ خوانچہ فروشوں کو شاہراہوں پر آنے اور پھل و سبزیاں فروخت کرنے سے روکیں۔
الزھرانی نے بتایا کہ بلدیاتی کونسل میں مختلف مقامات پر کارروائی کے دوران 3 ٹن سے زیادہ پھل و سبزیاں اور 21 ریڑھیاں ضبط کرلی گئیں۔
الزھرانی نے ان سعودی شہریوں کا شکریہ ادا کیا جو ’بلدی ایپ‘ یا 940 پر رپورٹ کرکے شہرکو بدنما مناظر سے نجات دلانے اور شہرمیں پھلوں اور سبزیوں کے کاروبار کو قانون کے دائرے میں لانے کی مہم میں مدد کررہے ہیں۔