یمن میں جنگ بندی میں دو ماہ کی توسیع
عوام کوسہولت پہنچانے کے لیے جنگ بندی میں توسیع کی گئی(فوٹو، ٹوئٹر)
اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ یمن کے متحارب فریقوں نے 2 اگست 2022 سے دو اکتوبر تک دو ماہ کے لیے جنگ بندی کے سمجھوتے میں توسیع کے فیصلے کو منظور کرلیا ہے۔
عربی روزنامے ’الشرق الاوسط‘ کے مطابق یمن کے لیے اقوام متحدہ کے ایلچی ہانز گرونبرگ نے کہا ہے کہ توسیع کے بموجب تمام فریق وسیع البنیاد جنگ بندی معاہدے تک جلد از جلد رسائی کے لیے مذاکرات تیز کرنے پر بھی متفق ہوگئے ہیں۔
اقوام متحدہ کے ایلچی نے کہا کہ جنگ بندی کے موجودہ معاہدے کا بڑا مقصد شہریوں کوسہولت فراہم کرنا ہے۔
اقوام متحدہ کے ایلچی نے توجہ دلائی کہ وہ آئندہ چند ہفتوں کے دوران متحارب فریقوں کے ساتھ بڑے پیمانے پر بات کریں گے تاکہ جنگ بندی کے حوالے سے تمام عہد وپیمان مکمل طریقے سے نافذ ہوں اور اس امر کو یقینی بنایا جاسکے۔
اس سلسلے میں پروازوں کی مکمل تعداد اور متفقہ ہوائی اڈوں خصوصا صنعا انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے لیے پروازوں کی معمول کے مطابق آمد ورفت نیز الحدیدۃ بندرگاہ آنے والے پٹرول ٹینکرز کی تعداد کا معاملہ بھی شامل ہے۔