ملفورڈ ، کنکٹی کٹ - - - - - یہاں رہنے والی 2جڑواں بہنیں 16سال سے ایک دوسرے سے منسلک ہیں او راب اپنی اس غیر طبعی حالت سے اتنی مانوس ہوچکی ہیں کہ انہیں اس میں تبدیلی گوارہ نہیں۔ وہ بیحد خوش و خرم زندگی گزار رہی ہیں اور اپنے ہاتھوں سے مختلف کام کرنے کے علاوہ ایک دوسرے کی چوٹیاں بھی باندھتی ہیںاور اپنا میک اپ بھی کرتی ہیں جبکہ دونوں ہی پیانو بجانے کی شوقین بھی ہیں۔ والدین کی خواہش تھی کہ ان دونوں کو الگ کردیا جائے مگر کچھ تو ان دونوں بہنوں کی ضد اور پھر ڈاکٹروں کے غیر اطمینان بخش مشورے کی وجہ سے یہ دونوں اب تک ایک ساتھ ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہناہے کہ دونوں بہنوں کا سانس لینے کی آنت، جگر، بہت سی پسلیاں، نظام ہاضمہ اور کئی چیزیں مشترک ہیں۔ ایسی صورت میں انہیں الگ کرنا انکی جان خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔ جہاں تک لپیٹا کاتعلق ہے تو اس کے پھیپھڑے 40فیصد تک کام کررہے ہیں۔ جب بھی اسکے والدین اسے الگ کرنے کی بات کرتے ہیں تو وہ ان سے پوچھتی ہے کہ آخر آپ لوگ ہم دونوںکے پیچھے ہاتھ دھو کر کیوں پڑی ہیں ہم دونوں کے ساتھ جڑے رہنے میں کیا خرابی ہے۔ دونوں بہنوں کے دو بازو موجود ہیں لیکن دونوں کی ایک، ایک ٹانگ ہے۔ دائیں ٹانگ کارمین کی ہے اور بائیں ٹانگ لوپیٹا کی ہے۔ واضح ہو کہ اتنے باہم منسلک اعضاء کے ساتھ برسوں زندگی گزارنے والے لوگ دنیا میں صرف 10فیصد بتائے جاتے ہیں۔ ماہرین کا کہناہے کہ اتنے دنوں تک ہنسی خوشی زندگی گزارنے کی وجہ سے اس بات کی توقع کی جاسکتی ہے کہ اگر انہیں اسی طرح چھوڑدیا جائے تو وہ اچھی خاصی عمر گزار سکتی ہیں۔ صلاحیتوں کے اعتبار سے بھی دونوں بہنوں میں فرق ہے۔ کارمین کی کارکردگی اچھی رہتی ہے جبکہ لوپیٹا کو پڑھنے لکھنے میں اچھی خاصی دشواری پیش آتی ہے۔