Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

نوح دستگیر بٹ کے نام ڈیم اور آصف علی کے نام فلائی اوور، ماجرہ کیا ہے؟

نوح دستگیر بٹ نے گذشتہ رات کامن ویلتھ گیمز میں طلائی کا تمغہ جیتا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
پاکستانی ویٹ لفٹر نوح دستگیر بٹ نے بدھ کی رات جب کامن ویلتھ گیمز میں طلائی کا تمغہ جیتا تو پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد کے ساتھ ساتھ وزیراعظم شہباز شریف نے بھی انہیں شاباشی دی۔
کھیلوں کی کوریج کرنے والے صحافی فیضان لاکھانی کی ایک ٹویٹ کو قوٹ کرکے وزیراعظم شہباز شریف نے لکھا ’ویلڈن، بٹ صاحب۔‘
پاکستانی وزیراعظم کی اس ٹویٹ کو قوٹ کرتے ہوئے فیضان خان نامی ایک صارف نے لکھا ’پرائم منسٹر صاحب، ویلڈن سے بات نہیں چلنی۔ بٹ صاحب کے نام کا فلائی اوور ہونا چاییے۔‘
وزیراعظم شہباز شریف سے اس ٹویٹ کو پڑھ کر رہا نہیں گیا تو فوراً ٹوئٹر صارف کو فلائی آوور کے علاوہ ایک اور آپشن دے دیا ’یا پھر ڈیم؟‘

ایسا پہلی بار نہیں ہوا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کسی ایسی ٹویٹ کا جواب دیا ہو بلکہ ایسا پہلے بھی ہوچکا ہے کہ کھیل اور انفراسٹرکچر سے متعلق ٹویٹ پر انہوں نے نہ صرف جواب دیا بلکہ صورتحال سے لطف بھی اٹھایا۔
پچھلے سال ٹی 20 ورلڈکپ میں ایک میچ کے دوران پاکستانی بیٹسمین آصف علی نے افغان بولر کریم جنت کو ایک اوور میں چار چھکے مار کر پاکستان کو میچ جتوایا تھا۔
اس موقع پر بھی شہباز شریف، جو اس وقت قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر تھے، نے لکھا کہ پاکستان جب میچ جیتتا ہے تو انٹرٹینمنٹ کی گارینٹی ہوتی ہے۔
ان کی اس ٹویٹ کو قوٹ کرتے ہوئے اتھر ستی نامی صارف نے لکھا تھا ’میں لاہور میں آصف علی کے نام ایک انڈرپاس بنتے ہوئے دیکھ رہا ہوں۔‘

اس ٹویٹ کا جواب دیتے ہوئے شہباز شریف نے لکھا تھا کہ ’شاٹس ویسے فلائی اوور والی تھیں۔‘

شیئر: