Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

ممنوعہ فنڈنگ: الیکشن کمیشن نے عمران خان کو وضاحت کے لیے طلب کر لیا

الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو فنڈز ضبط کرنے کے لیے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کے لیے کیس وفاقی حکومت کو بھیج دیا تھا۔ (فائل فوٹو: اے ایف پی)
الیکشن کمیشن نے سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو ممنوعہ فنڈنگ کیس اور نااہلی کے حوالے سے طلب کر لیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے جمعے کو جاری کیے جانے والے نوٹسز میں سے ایک میں عمران خان سے ممنوعہ فنڈنگ کیس کے حوالے سے وضاحت طلب کی ہے۔ کیس کی سماعت 23 اگست کو ہو گی۔
دوسرا اور تیسرا نوٹس سابق وزیراعظم کی نااہلی کے حوالے سے ہے۔ جن کی سماعت 18 اور 24 اگست کو ہو گی۔
واضح رہے کہ دو اگست کو الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کے خلاف ممنوعہ فنڈنگ کیس کے فیصلے میں قرار دیا تھا کہ ’پی ٹی آئی نے ممنوعہ فنڈز حاصل کیے۔ الیکشن کمیشن سے 16 ایسے اکاؤنٹس چھپائے جو جماعت کی اعلٰی قیادت چلا رہی تھی۔ عمران خان کے بیان حلفی میں غلط بیانی کی گئی ہے۔‘
الیکشن کمیشن نے تحریک انصاف کو فنڈز ضبط کرنے کے لیے شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے مزید قانونی کارروائی کے لیے کیس وفاقی حکومت کو بھیج دیا تھا۔
جمعرات کو مسلم لیگ ن کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا کی جانب سے عمران خان کے خلاف الیکشن کمیشن میں ریفرنس جمع کرایا گیا تھا۔
ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ ’عمران خان نے توشہ خانہ سے ملنے والے تحائف اثاثوں میں ظاہر نہیں کیے۔ اس لیے انہیں آئین کے آرٹیکل 62 ون ایف کے تحت نااہل کیا جائے۔‘
گزشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ ’الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف غیرملکی امداد لینے والی جماعت قرار پائی ہے۔‘
وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد جمعرات کو نیوز بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ ’ان تمام ثبوتوں اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد وفاقی کابینہ نے تحریک انصاف کے خلاف ڈیکلریشن سپریم کورٹ میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ’وفاقی کابینہ نے ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ وہ اس حوالے سے مکمل تحقیقات کرے، خاص کر منی لانڈرنگ کے حوالے سے۔ جو تمام افراد جو اس جرم میں شامل ہیں ان سب کے خلاف بھی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔‘

مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ ’الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف غیرملکی امداد لینے والی جماعت قرار پائی ہے۔‘ (فائل فوٹو: پی آئی ڈی)

دوسری جانب جمعرات کو ملک بھر میں الیکشن کمیشن کے خلاف احتجاج کرنے والی پی ٹی آئی کارکنوں سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ’پیچھے سے ڈوریوں کو ہلایا جاتا ہے، الیکشن کمیشن نے اپنی حدود سے نکل کر فیصلہ دیا، یہ فارن فنڈنگ نہیں ہے، ہمیں اوورسیز پاکستانیوں نے پیسے دیے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’ایسا کیا غلط کیا جس پر نااہلی اور کارروائی کی باتیں شروع ہوگئیں، پیسے کے بغیر کوئی سیاسی جماعت کیسے چل سکتی ہے؟ حکومت نے تمام حربوں میں ناکامی کے بعد الیکشن کمیشن کو استعمال کیا۔‘

شیئر: