Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

’آئی ایم ایف سے پیسہ امریکی ایجنڈے پر کام کرنے کے لیے ملے گا‘

عمران خان نے دعویٰ کیا کہ ’ستمبر میں نواز شریف کو بلوا کر انتخابات کرانے کا پلان بنا ہوا ہے۔‘ (فوٹو: سکرین گریب)
سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ’وہ 13 اگست کے جلسے میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔‘
جمعرات کو نجی ٹی وی چینل بول نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ’یہ حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے جہاں ہمارا ملک آزاد ہو اور اپنے فیصلے خود کرے۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’یہ جو کچھ ہو رہا ہے یہ رجیم چینج سازش کا حصہ ہے اور اب ان کا ایجنڈا ہے کہ کسی طرح عمران خان اور تحریک انصاف کو ختم کیا جائے۔‘
تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا کہ ’ان کو پتا ہے کہ اس وقت انتخابات کرائے تو تحریک انصاف کلین سویپ کرے گی، اس ڈر سے ملک کو داؤ پر لگا رکھا ہے۔‘
’آئی ایم ایف سے پیسہ امریکی ایجنڈے پر کام کرنے کے لیے ملے گا۔ یہ کسی طرح میری مقبولیت کم کرنا چاہتے ہیں اور پارٹی کو توڑنا چاہتے ہیں۔ ستمبر میں نواز شریف کو بلوا کر انتخابات کرانے کا پلان بنا ہوا ہے۔‘
سابق وزیراعظم عمران خان نے موجودہ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ’انہوں نے سمجھا کہ الیکشن کمیشن اپنا ہے، انتظامیہ اپنی ہے تو دھاندلی کریں گے لیکن اس کے باوجود یہ لوگ ہار گئے۔‘
’میں سمجھتا ہوں کہ یہ اب ان کی آخری چال ہے کہ کسی طرح توشہ خانہ کیس میں نااہل کرا دو، کردار کشی کرو۔ وہ ٹی وی چینل جو میرا موقف پیش کرتے ہیں ان پر دباؤ ڈالو۔‘
عمران خان کا کہنا تھا کہ ’میں چیلنج کرتا ہوں کہ پاکستان کی تاریخ میں سیاسی فنڈ ریزنگ صرف پی ٹی آئی نے کی، سب سے پوچھیں جنہوں نے توشہ خانے سے تحائف لیے ہیں، اگر کسی نے قانون کے مطابق کام کیا تو وہ میں ہوں۔‘

عمران خان کا کہنا تھا کہ ’جنہوں نے 25 مئی کو ظلم کیا اور قانون توڑا انہیں سزا تو ملے گی‘ (فائل فوٹو: اے ایف پی)

ان کا مزید کہنا تھا کہ ’25 مئی کو بہت ظلم ہوا،عورتوں بچوں پر شیلنگ کی گئی، چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا گیا، جنھوں نے 25 مئی کو ظلم کیا اور قانون توڑا انہیں سزا تو ملے گی۔‘
’ہم جو کیسز بنا رہے ہیں وہ ایسے نہیں جیسے یہاں کسی کو پکڑ لیا اور وہاں کسی کو پکڑ لیا۔ ہم قانون کے مطابق چلیں گے اور ایکشن ضرور لیں گے۔‘

شیئر: