Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

حلقہ این اے 108 فیصل آباد سے عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد

عمران خان قومی اسمبلی کے 9 حلقوں سے بیک وقت ضمنی انتخابات لڑ رہے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
حلقہ این اے 108 فیصل آباد سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے گئے ہیں۔
بدھ کو ریٹرننگ افسر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ ’عمران خان کے کاغذات اثاثوں اور واجبات کے گوشوارے کے غیر تسلی بخش ہونے کی وجہ سے مسترد کیے گئے ہیں۔‘
ریٹرننگ افسر کے مطابق ’عمران خان کے کاغذات نامزدگی دستخط تصدیق معاملے کی وجہ سے مسترد نہیں ہوئے۔‘
 ’عمران خان کے کاغذات نامزدگی اثاثوں کی تفصیل اطمینان بخش نہ ہونے پر مسترد ہوئے۔ میڈیا سے گزارش ہے کہ تصدیق کے بغیر خبر نشر نہ کرے۔‘
دوسری جانب تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات فرخ حبیب کا کہنا ہے کہ’9 حلقوں سے عمران خان کے ایک ہی طرح کے کاغذات نامزدگی جمع کروائے گئے۔‘
’ان میں سے 8 حلقوں سے چیئرمین پی ٹی آئی کے کاغذات نامزدگی منظور ہوگئے لیکن فیصل آباد کے ریٹرننگ افسر نے بلاجواز کاغذات نامزدگی مسترد کردیے۔‘
بدھ کو اپنے ایک ٹوئٹر بیان میں انہوں نے مزید کہا کہ ’پی ٹی آئی ریٹرننگ افسر کے اس فیصلے کو فوری طور پر چیلنج کرے گی اور عمران خان کے کاغذات نامزدگی بحال ہوں گے۔‘
ترجمان الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کے مطابق تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے چاروں حلقوں سے کاغذات نامزدگی درست قرار دیے گئے ہیں۔
عمران خان نے این اے 31 پشاور، این اے 22 مردان، این اے 24 چارسدہ اور این اے 45 کرم کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔
پشاور سے تحریک انصاف کے شوکت علی، مردان سے علی محمد خان اور چارسدہ سے فضل محمد خان کے کاغذات نامزدگی بھی منظور ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی کے 9 حلقوں پر ضمنی انتخابات 25 ستمبر کو ہورہے ہیں اور عمران خان تمام 9 حلقوں سے خود پارٹی کے امیدوار ہیں۔
 منگل کے روز کراچی کے تینوں حلقوں این اے 237، این اے 239 اور این اے 246 سے ان کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات مسترد کر دیے گئے تھے۔
یاد رہے کہ سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تحریک انصاف کے 11 ارکان قومی اسمبلی کے استعفے قبول کیے جانے کے بعد یہ نشستیں خالی ہوئیں جن میں 9 جنرل سیٹیں ہیں۔ 

شیئر: