ریاض..... وزارت محنت و سماجی فروغ نے گھریلو ملازمین کیلئے بینک اکاﺅنٹ کھولنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ وزارت نے تمام گھریلو ملازمین کے کفیلوں کو پابند کیا ہے کہ آجر اور اجیر کے حقوق کے تحفظ کے لئے ضروری ہے کہ وہ دیگر ملازمین کی طرح گھریلو ملازمین کی تنخواہیں بینکوں میں جمع کروائی جائیں۔وزارت محنت و سماجی فروغ کے ترجمان خالد ابا الخیل نے بتایا ہے کہ گھریلو ملازمین کی تنخواہیں کیش دینے پر پابندی ہے۔ وزارت تنخواہوں کے نظام کی نگرانی کررہی ہے۔ اس کے لئے ضروری ہے کہ گھریلو ملازمین کی تنخواہیں انکے اکاﺅنٹ میں جمع کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حقوق کے تحفظ کے علاوہ آمدنی و ترسیلات زر کی نگرانی کے لئے بینک اکاﺅنٹ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو ملازمین کے حوالے سے منظور ہونے والے نئے ضوابط کے مطابق آجر اور اجیر کو چند شرائط پر دستخط کرنا ہونگے۔ دونوں کے درمیان ہونے والے معاہدے میں ماہانہ تنخواہ کے تعین کے علاوہ چھٹی کے دن کا بھی تعین ہوگا۔ علاوہ ازیں معاہدے پر دستخط کے بعد اجیر اپنے طور پر یا اپنے آجر کے تعاون سے کسی مقامی بینک میں اکاﺅنٹ کھولنے کا پابند ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ گھریلو ملازمین میں خادمہ، ڈرائیور،چوکیدار،آیا، کک اور دیگر شامل ہیں۔ ان سب کو وزارت کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے بعد نقد تنخواہ نہیں دی جاسکتی۔ انہوں نے کہا کہ خلاف ورزی پر وزارت کا رروائی کریگی۔ ابا الخیل نے کہا ہے کہ گھریلو ملازمین سے بھی اپیل کی جاتی ہے کہ اس ضابطے کی خلاف ورزی پر وزارت سے رجوع کیا جائے۔